دہلی اسمبلی انتخابات: کانگریس پارٹی نے انتخابی منشور کیا جاری، 5 ضمانتوں کا اعلان، آلودگی کم کرنے پر زور
کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی منشور جاری کیا جس میں 5 اہم ضمانتوں کا اعلان کیا گیا۔ جے رام رمیش نے گارنٹیوں کو عوام کے حقوق اور قانونی تحفظ سے جوڑا

نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے آج (29 جنوری 2025 ) دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا۔ اس منشور میں پانچ ضمانتوں (گارنٹی) کا اعلان کیا گیا ہے، جو دہلی کے عوام کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے اس بات پر زور دیا کہ گارنٹی کا مطلب عوام کا حق ہے، جس کے مطابق اگر وعدے پورے نہ کیے گئے تو عوام قانونی راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
کانگریس پارٹی نے دہلی کے عوام کے لیے درج ذیل پانچ ضمانتوں یعنی گارنٹیوں کا اعلان کیا:
1. روزگار کی گارنٹی: دہلی کے عوام کو روزگار فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
2. تعلیم کی گارنٹی: دہلی میں تعلیمی نظام کی اصلاح کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جا سکے۔
3. صحت کی گارنٹی: دہلی میں صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے جدید ہسپتالوں اور طبی سہولتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
4. آلودگی کم کرنے کی گارنٹی: دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
5. پانی اور صفائی کی گارنٹی: دہلی کے عوام کو صاف پانی اور صفائی کے نظام کی بہترین سہولت فراہم کی جائے گی۔
جے رام رمیش نے منشور کی تقریب میں کہا کہ ’‘گارنٹی‘ کا لفظ آج کل دیگر جماعتوں کے ذریعہ بھی استعمال ہو رہا ہے لیکن اس کا استعمال سب سے پہلے کانگریس نے کرناٹک انتخابات میں کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کرتی ہے اور اس کا سابقہ ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی نے منموہن سنگھ کے دور میں ’قومی دیہی روزگار گارنٹی قانون‘ متعارف کرایا تھا، جو ایک کامیاب مثال ہے۔
جے رام رمیش نے دہلی کی فضائی آلودگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں کاروبار کرنے کی نہیں بلکہ سانس لینے میں سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی نے آلودگی کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا، جس کا نتیجہ آج دہلی کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو، پون کھیڑا، چودھری انیل کمار، سابق وزیر نریندر ناتھ، منشور کے روحِ رواں امیتابھ دوبے اور دلتوں کی بے باک آواز اُدت راج سمیت کئی اہم رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کانگریس کی گارنٹوں کو دہلی کی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ کانگریس کو اپنی حمایت دیں تاکہ دہلی میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔

کانگریس کے انتخابی منشور میں درج ذیل اہم نکات شامل ہیں:
جمنا ندی کی صفائی: کانگریس نے جمنا ندی کو صاف کرنے کا ایکشن پلان پیش کیا ہے تاکہ دہلی کی آبی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
اندرا کینٹین کا آغاز: کانگریس نے دہلی میں 100 اندرا کینٹین شروع کرنے کا وعدہ کیا، جہاں 5 روپے میں کھانا فراہم کیا جائے گا۔
ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے لیے خصوصی اقدامات: ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے لیے خصوصی اسپیس دینے، ٹرانسجینڈرز کے لیے اسکالرشپ، ہاسٹل کی سہولت اور حساسیت ٹریننگ فراہم کرنے کا وعدہ۔
دلتوں کے لیے چار دھام یاترا: کانگریس نے دلت طبقے کے لیے مفت چار دھام یاترا کرانے کا وعدہ کیا ہے، جس میں گوتم بدھ سے جڑے مقامات جیسے سارناٹھ، بودھ گیا، اور سنت راوی داس کی جائے پیدائش شامل ہوں گے۔
مضبوط لوکپال قانون: کانگریس نے چھ ماہ کے اندر ایک مضبوط لوکپال بل پاس کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ لوکل گورنمنٹ کے کام کاج میں شفافیت آئے۔
سماجی انصاف: دلتوں کو 15 فیصد سرکاری ٹھیکے دینے کا وعدہ۔
تعلیمی وظائف میں اضافہ اور تغلق آباد میں سنت روی داس کا مندر بنوانے کا اعلان۔
ریاستی سطح پر او بی سی کے نمائندگی کو یقینی بنانا۔
مقامی زبانوں کی تعلیم: کانگریس نے اردو، پنجابی اور بھوجپوری اساتذہ کے لیے خالی آسامیاں بھرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ مقامی زبانوں کی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔
اماموں کے لیے بھتے: وقف بورڈ کے قیام اور اماموں کو ملنے والے بھتوں کے معاملات کو حل کرنے کا وعدہ۔
او بی سی کا سروے: کانگریس نے حکومت بنانے کے بعد او بی سی کے سروے کرانے کا وعدہ کیا ہے تاکہ ان کی آبادی کے حساب سے اداروں میں نمائندگی مل سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔