دہلی اسمبلی انتخابات: 'عآپ' نے پوسٹر میں بی جے پی کو قرار دیا گالی گلوج پارٹی، پوچھا سی ایم امیدوار کا نام

دہلی اسمبلی انتخابات میں 'عآپ' نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے پوسٹر لگائے ہیں، جس میں اسے گالی گلوج پارٹی کہا گیا اور وزیر اعلیٰ کے امیدوار کا نام پوچھا گیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان پوسٹر وار جاری ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان بیان بازی اور پوسٹر وار شدت اختیار کر گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے دہلی کی سڑکوں پر کئی مقامات پر بڑے ہورڈنگز لگوائے ہیں، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اسے ’گالی گلوج پارٹی‘ قرار دیا گیا ہے۔

ان پوسٹرز میں سوال کیا گیا ہے کہ دہلی کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا؟ ایک طرف وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر ہے جبکہ دوسری طرف سوالیہ نشان کے ساتھ گالی گلوج پارٹی لکھا ہوا ہے۔ یہ ہورڈنگز خاص طور پر وزیر آباد فیز 1 اور شادی پور ڈپو کے علاقے میں لگائے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی، عام آدمی پارٹی نے سوشل میڈیا پر بھی حملہ تیز کر دیا ہے۔ پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں بی جے پی سے پوچھا گیا کہ "بغیر دلہا کا گھوڑا کس کا ہے؟" ویڈیو کے عنوان میں طنز کرتے ہوئے لکھا گیا، "بھاجپا والو، تمہارا دلہا کون ہے؟" اس مہم کے ذریعے آپ بی جے پی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے چہرے کو ظاہر نہ کرنے پر سوال اٹھا رہی ہے۔


بی جے پی نے جوابی وار کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے خلاف نیا پوسٹر جاری کیا، جس میں کہا گیا، "آپ-دا جائے گی، بھاجپا آئے گی۔" دونوں جماعتوں کے درمیان یہ پوسٹر وار انتخابات کی گرمی کو ظاہر کرتی ہے۔

دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں پر انتخابات 5 فروری کو ہوں گے جبکہ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ انتخابی میدان میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جبکہ کانگریس بھی اپنے امیدواروں کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جس انڈیا بلاک کا حصہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس ہیں، اس کے دیگر اتحادی جیسے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور سماجوادی پارٹی نے عام آدمی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اتحاد بی جے پی کے خلاف طاقتور اپوزیشن کے طور پر خود کو پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔


دہلی میں ہونے والے اس انتخابی معرکے میں کئی اہم مسائل زیر بحث ہیں، جن میں تعلیم، صحت، بجلی، اور پانی کی فراہمی جیسے موضوعات شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی اپنی حکومت کی کارکردگی کو اپنی مہم کا محور بنا رہی ہے، جبکہ بی جے پی کی کوشش ہے کہ قومی سطح پر اپنی مقبولیت کو دہلی میں کامیابی میں تبدیل کرے۔ کانگریس بھی انتخابی مہم میں دوبارہ زندہ ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔