دہلی اسمبلی الیکشن:کیجریوال کاغذات نامزدگی وقت پر داخل نہیں کر سکے،اب کل کریں گے

کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے الیکشن افسر کے دفتر تین بجے پہنچنے کا وقت مقرر ہے لیکن اروند کیجریوال وہاں تاخیر سے پہنچے۔ اب وہ 21 جنوری کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر سکیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: الیکشن افسر کے دفتر میں مقررہ وقت کے بعد پہنچنے کی وجہ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور وزیر اعلی اروند کیجریوال پیر کے روز دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل نہیں کر سکے۔ وزیراعلیٰ اب نامزدگی کے آخری دن منگل کے روز فارم داخل کریں گے۔ نامزدگی داخل کرنے کے لئے تین بجے کا وقت مقرر کیا جاتا ہے لیکن اروندکیجریوال تاخیر سے پہنچے اور آج کاغذات نامزدگی داخل نہیں کر سکے۔

عام طور پر سیاسی رہنما کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت بہت احتیاط برتتے ہیں اور اس کا بھی دھیان رکھتے ہیں کہ وہ پنڈت کے بتائے ہوئے وقت پر ہی اپنے کاغذات داخل کریں ۔ وہ جہاں اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کاغذات داخل کراتے وقت اپنی پوری طاقت دکھا دیں وہیں وہ مندر جانا ، والدین کی دعائیں لینا اور شبھ وقت پر ہی کاغذات داخل کرانے کو بھی یقینی بناتے ہیں ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھی ان سب باتوں کا خیال رکھا تھا لیکن روڈ شو میں آئی بھیڑ کی وجہ سے وہ وقت کی پابندی نہیں کر پائے اور تین بجے کے مقررہ وقت کے بعد جام نگر ہاؤس پہنچے ۔


دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے نئی دہلی اسمبلی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے پیر کے روز ریلی کی شروعات کی تھی۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے ریلی شروع کرنے سے پہلے والمیکی مندر میں پوجا کی۔ انہوں نے پہلے اپنی ماں سے آشیرواد لیا اور ہاتھ میں كلاوا بندھوايا۔ اس کے بعد ان کا روڈ شو شروع ہوا۔کیجریوال دوپہر بعد جام نگر میں ڈپٹی کلکٹر کے آفس میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے تھے۔ اروند کیجریوال کے روڈ شو کو 'جنتا کا سی ایم' کا نام دیا گیا تھا۔اس کے کارکنوں کے ہجوم کے علاوہ ان کے ساتھ جیپ پر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور پارٹی لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ بھی تھے۔

انڈیا گیٹ کے قریب جام نگر ہاؤس واقع الیکشن افسر کے دفتر کے باہر جمع کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ انہیں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے شام تین بجے پہنچنا تھا۔انہوں نے کہا، "ریلی میں بڑی تعداد میں کارکن اور عوام شامل تھے۔ اس کی وجہ سے میں آج الیکشن افسر کے دفتر پر وقت سے نہیں پہنچ سکا۔ میں آپ لوگوں کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا تھا، اب کل کاغذات نامزدگی داخل کروں گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔