’ملک کے غداروں کو گولی مارو...‘ وزیر داخلہ امت شاہ کے روڈ شو میں لگے نعرے

منوج تیواری نے متنازعہ نعرہ سے کنی کاٹتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اس طرح کے نعروں کی حمایت نہیں کرتی ہے، اگر کوئی شاہین باغ بننے کی کوشش کرے گا تو اس کا جواب سی اے اے سے دیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے گھونڈا اسمبلی حلقہ میں بی جے پی امیدوار کی حمایت میں وزیر داخلہ امت شاہ نے روڈ شو کیا، اس دوران روڈ شو میں موجود بی جے پی حامیوں نے زبردست نعرے بازی کی، روڈ شو میں موجود کچھ لوگوں نے متنازعہ نعرے لگائے، 'ملک کے غداروں کو گولی مارو...، اس دوران بی جے پی کارکنان اس طرح کے بھی نعرے لگا رہے تھے 'ہم دے کر رہیں گے آزادی'۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے روڈ شو میں اس طرح کی نعرے بازی کے بعد تنازعہ كھڑا ہو گیا ہے۔ وہیں، نعرے بازی کے بعد بی جے پی کو صفائی دینی پڑی۔

دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے متنازعہ نعرے بازی سے کنی کاٹتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اس طرح کے نعروں کی حمایت نہیں کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی پانی اور جمنا کی صفائی جیسے مسائل پر انتخاب لڑ رہی ہے، منوج تیواری نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی شاہین باغ بننے کی کوشش کرے گا تو اس کا جواب سی اے اے سے دیا جائے گا۔


دہلی کے گھونڈا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار اجے مہاوت انتخابی میدان میں ہیں، ان کی حمایت میں وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری یہاں روڈ شو کرنے پہنچے تھے، جہاں متنازعہ نعرے بازی کی گئی، روڈ شو کے دوران منوج تیواری نے کہا کہ پورا ملک شہریت ترمیم قانون کی حمایت میں ہے۔ گھونڈا اسمبلی حلقہ میں روڈ شو کے بعد امت شاہ کا روہتاس نگر اور بابرپور میں بھی روڈ شو کا پروگرام ہے، غور طلب ہے کہ دہلی میں اسمبلی انتخاب 8 فروری کو ہوں گے اور 11 فروری کو نتیجے آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jan 2020, 7:30 PM