دہلی الیکشن: ٹکٹ کٹنے سے ناراض عآپ رکن اسمبلی نے پارٹی پر لگایا 21 کروڑ میں ٹکٹ بیچنے کا الزام

عآپ رکن اسمبلی نارائن دت نے کا کہنا ہے کہ ’’جمعہ کو مجھے منیش سسودیا نے اپنی کوٹھی پر بلایا۔ انھوں نے مجھ سے کہا کہ نارائن جی آپ کے اسمبلی حلقہ سے رام سنگھ نیتا جی 21 کروڑ روپے کا آفر دے رہے ہیں‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں اسمبلی انتخاب کی گھنٹی بجنے کے بعد اور ووٹنگ سے تقریباً 25 دن قبل عام آدمی پارٹی نے دہلی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدوار کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فہرست میں 15 موجودہ اراکین اسمبلی کا نام کٹ گیا ہے اور وہ عآپ کی طرف سے الیکشن لڑنے سے محروم ہو گئے ہیں۔ لیکن اس ٹکٹ کٹنے سے کچھ عآپ اراکین اسمبلی ناراض ہیں کیونکہ وہ اس مرتبہ بھی عآپ سے ٹکٹ چاہتے تھے۔ اسی درمیان بدرپور سے عآپ رکن اسمبلی نارائن دت شرما نے پارٹی پر 21 کروڑ میں ٹکٹ کی سودے بازی کا الزام عائد کر دیا ہے جس سے ایک ہنگامہ برپا ہے۔ عآپ نے اس سیٹ سے کانگریس چھوڑ کر آئے رام سنگھ نیتا جی کو ٹکٹ دیا ہے۔


نارائن دت شرما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیر کے روز اس نے (رام سنگھ نیتا جی) پارٹی جوائن کی اور جمعہ کو مجھے منیش سسودیا نے اپنی کوٹھی پر بلایا۔ انھوں نے مجھ سے کہا کہ نارائن جی آپ کی اسمبلی سے رام سنگھ نیتا جی 21 کروڑ روپے کا آفر عآپ کو دے رہے ہیں۔ تو کیا آپ پارٹی کو فنانشیل مدد کر پائیں گے۔‘‘ نارائن دت نے مزید بتایا کہ ’’میں نے کہا کہ آپ تو سیاست کو بدلنے کے لیے آئے تھے۔ اس کے بعد میں وہاں اپنا احتجاج درج کروا کر چلا آیا تھا۔ میں نے کہا تھا کہ آپ دنیا میں ایمانداری کا ڈھکوسلا پیٹتے ہو کہ ہم ایماندار ہیں، آپ سے زیادہ میرے حساب سے اس زمین پر کوئی بدعنوان پارٹی نہیں ہوگی۔‘‘

نارائن دت شرما کانگریس چھوڑ کر عآپ جوائن کرنے والے رام سنگھ کو ٹکٹ ملنے سے کافی مایوس نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھ پر آج تک کوئی الزام نہیں لگا ہےل۔ میں پارٹی کا بانی رکن ہوں۔ سال 2011 کی تحریک سے نکلا ہوا آدمی ہوں۔ بدرپور کے اندر اراضی مافیہ اور غنڈہ گردی کی جو سیاست تھی، اس کو ہٹا کر ایک عام آمدی کی سیاست کو زمین پر لے کر آیا، پھر بھی مجھے ٹکٹ سے محروم کیا جانا افسوسناک ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں آزاد امیدوار کے طور پر بدرپور سے انتخاب لڑوں گا۔ بہت سی پارٹیوں نے مجھ سے رابطہ کیا ہے۔ بہت سوچ سمجھ کر میں فیصلہ لوں گا کہ کس طرف جانا ہے۔‘‘ نارائن دت نے ساتھ ہی ساتھ عآپ پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ ایک بھی امیدوار ایسا نہیں ہے جس سے عآپ نے کروڑوں روپیہ نہیں مانگے۔ مجھ سے ہی 25 لاکھ روپے پارٹی نے الیکشن میں مانگے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔