دہلی میں عمارت گرنے سے 6 کی موت، وزیراعلی نے دی جانچ کی ہدایت

وزیراعلی کیجریوال نے اسپتال میں عمارت گرنے سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اورحادثہ میں مارے گئے لوگوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو بھارت نگر کے ساون پارک میں عمارت گرنے کے واقعہ کی مجسٹریٹ جانچ کی ہدایت دی ہے۔ اس حادثہ میں چار بچوں اور دو خواتین کی موت ہوگئی ہے۔

وزیراعلی نے اشوک وہار کے دیپ چند بندھو اسپتال میں عمارت گرنے سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور مناسب علاج کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے حادثہ میں مارے گئے لوگوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا۔

دہلی پولس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 304/34 کے تحت عمارت کے مالک دھرمیندر سمیت تین لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ دھرمیندر نے عمارت کرایہ پر دی تھی۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کے مطابق عمارت کو شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ خطرناک زمرہ میں نہیں ڈالا گیا تھا اور نہ ہی انہیں یکم ستمبر 2017 سے محکمہ عمارت ۔II کے پی زیڈ میں اس سلسلہ میں کوئی درخواست ملی تھی۔

اس واقعہ کے بعد اسپتال میں 12 لوگوں کو لے جایا گیا ہے جن میں سے پانچ کو ڈاکٹر نے فوراََ مردہ قرار دے دیا جبکہ 24 سالہ ایک خاتون کی آج شام موت ہوگئی اور ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولس کے مطابق عمارت میں مجموعی طورپر 23 لوگ رہ رہے تھے، واقعہ کے وقت 12 لوگ عمارت میں موجود تھے۔

مرنے والوں کی شناخت اشی (3)، شوریہ (2)، رجنیش (4) سمونیشا (12) اور منی دیوی (35-40) کے طورپر ہوئی ہے۔ وہیں بری طرح زخمی خاتون جس کی شام کو موت ہوئی اس کی شناخت سیما (24) کے طورپر ہوئی ہے۔

دہلی میونسپل کارپوریشن کے مطابق ساون پارک میں عمارت گرنے کے سلسلہ میں تقریباََ صبح نوبجکر پانچ منٹ پر کنٹرول روم ایک فون آیا تھا۔ بچاؤ دستہ اور مشینیں جائے حادثہ پر بچاؤ مہم کے لئے پہنچیں اور ملبہ سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالا۔ کیشوپورم زون کے ڈپٹی کمشنر بھی جائے حادثہ پر پہنچے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Sep 2018, 12:07 PM