دہلی کی ہوا کا معیار انتہائی خراب، اے کیو آئی500 سے تجاوز کر گیا، دہلی میں'اورنج ایلرٹ' جاری
اتوار کو دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار 'انتہائی خراب' زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیر کے لیے انتہائی گھنی دھند کے لیے اورنج ایلرٹ جاری کیا ہے۔

قومی دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار ایک بار پھر انتہائی خراب سطح پر پہنچ گیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس اے کیو آئی پھر سے 500 کو پار کر گیا ہے۔سی پی سی بی کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے 19 مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر ہوا کا معیار 'شدید' زمرے میں درج کیا گیا تھا۔ آنند وہار نے سب سے زیادہ اے کیو آئی ریکارڈ کیا۔ تاہم، باقی مانیٹر اسٹیشنوں پر ہوا کا معیار 'انتہائی خراب' زمرے میں رہا۔
سی پی سی بی کے معیارات کے مطابق، 0 اور 50 کے درمیان اے کیو آئی کو "اچھا، 51 اور 100" تسلی بخش، 101 اور 200 "اعتدال پسند، 201 اور 300" خراب، 301 اور 400 "انتہائی خراب، اور 401 اور 500" شدید اےکیو آئی سمجھا جاتا ہے۔
دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیر کے لیے انتہائی گھنی دھند کے لیے "اورنج ایلرٹ" جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ موسم کی اوسط سے 0.5 ڈگری کم ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری زیادہ ہے۔ گھنی دھند اور ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے لوگوں کو مرئیت اور صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔