دہلی پر بڑھتا جا رہا ہے کورونا کا قہر، قومی راجدھانی کا 80 فیصد حصہ ’ریڈ زون‘ قرار

ملک کی راجدھانی دہلی کا 80 فیصد علاقہ کورونا ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔ یعنی تقریباً پوری دہلی کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کے دائرے میں آ گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کا انفیکشن روکنے کے لیے تمام ضروری اقدام کیے جا رہے ہیں اور لاک ڈاؤن کی توسیع اسی لیے کی گئی ہے۔ اس دوران راجدھانی دہلی میں تقریباً ایک ہفتہ بعد کورونا وائرس انفیکشن والے مریضوں کی تعداد میں گراوٹ نظر آئی ہے۔ بدھ کو دہلی میں کل 17 نئے مریض سامنے آئے جب کہ دو لوگوں کی موت ہوئی۔ دہلی میں اب تک کورونا سے 32 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ دہلی میں کورونا انفیکشن والے مریضوں کی مجموعی تعداد 1578 ہے۔

لیکن خطرے والی بات یہ ہے کہ دہلی میں ریڈ زون بڑھتے جا رہے ہیں۔ ملک میں دہلی واحد ریاست ہے جس کا 80 فیصد علاقہ ریڈ زون کے دائرے میں آتا ہے۔ بدھ کو مرکزی وزارت صحت نے راجدھانی کے 11 میں سے 9 اضلاع کو ریڈ زون کے تحت قرار دیا۔ ان اضلاع میں بنائے کنٹنمنٹ زون کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی نئے مریض سامنے نہیں آتے ہیں تو بھی دہلی کو کورونا سے جنگ جیتنے میں کم از کم ایک مہینہ لگے گا۔


وزارت کے مطابق دہلی کے جنوبی، جنوب مشرقی، شاہدرہ، شمالی، مغربی، وسطی، نئی دہلی، مشرقی، جنوب مغربی اضلاع ریڈ زون میں ہیں۔ یہاں کورونا انفیکشن کی شرح کافی زیادہ ہے۔ ان اضلاع میں اب تک دوگنی رفتار میں کیس ملتے آئے ہیں۔ ان کے علاوہ شمال مغربی ضلع کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے، لیکن وہاں کورونا کے کچھ ہی کیس ملے ہیں۔

شمال مشرقی ضلع کو نان ہاٹ اسپاٹ میں رکھا گیا ہے۔ حالانکہ وہاں احتیاط کے طور پر کلسٹر زون بنائے گئے ہیں۔ باقی دو اضلاع میں کورونا وائرس کے 15 سے کم مریض ہونے کے سبب انھیں نان ہاٹ اسپاٹ سیکشن میں رکھا گیا ہے۔ وہاں کے ضلع انتظامیہ کنٹمنٹ زون کے سسٹم پر ہی کام کریں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دہلی کا کوئی بھی ضلع گرین زون میں شامل نہیں ہے۔


اس درمیان دہلی محکمہ صحت نے بھی بتایا کہ بدھ تک راجدھانی میں 56 کنٹنمنٹ زون قرار دیے جا چکے ہیں۔ ان مقامات پر وزارت سے ملی گائیڈ لائن کے مطابق کام کیا جا رہا ہے۔ وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو کمار اگروال کے مطابق کوئی ضلع ریڈ زون ہے تو اسے تب تک گرین قرار نہیں دیا جا سکتا، جب تک وہاں حالات قابو میں نہیں آ جاتے۔ ریڈ زون ضلع میں کنٹنمنٹ پلان ایکٹیو ہونے کے 14 دن تک کوئی کیس سامنے نہیں آتا ہے تو اسے اورینج زون میں شامل کر دیا جائے گا۔ اگلے 14 دن تک اورینج زون میں کورونا کیس نہیں ملتا ہے تو اسے گرین زون قرار دیا جائے گا۔ یعنی ریڈ سے گرین میں آنے میں دہلی کو 28 دن کا وقت لگے گا، بشرطیکہ یہاں کوئی نیا مریض سامنے نہ آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔