ہتک عزتی کا معاملہ: راہل گاندھی کی عرضی پر سپریم کورٹ میں آج ہوگی سماعت

سپریم کورٹ آج یعنی جمعہ کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی 'مودی کنیت' ہتک عزتی معاملہ میں سزا پر روک لگانے سے گجرات ہائی کورٹ کے انکار کے خلاف عرضی پر سماعت کرے گا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ٹوئٹر</p></div>

راہل گاندھی / ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ آج یعنی جمعہ کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی 'مودی کنیت' ہتک عزتی معاملہ میں سزا پر روک لگانے سے گجرات ہائی کورٹ کے انکار کے خلاف عرضی پر سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع کاز لسٹ کے مطابق معاملہ کی سماعت جسٹس بی آر گوائی اور پرشانت کمار مشرا کریں گے۔ کانگریس لیڈر، جو کیرالہ کے وایناڈ سے ممبر پارلیمنٹ تھے، کو مجرمانہ ہتک عزتی کے مقدمے کی وجہ سے لوک سبھا سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزتی کے مقدمے میں شکایت کنندہ اور بی جے پی لیڈر پورنیش مودی نے ایک کیویٹ داخل کر کے درخواست کی ہے کہ اس معاملہ میں فیصلہ سنانے سے قبل ان کا موقف ضرور سنا جائے۔ سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی کے راہل کی طرف سے پیش ہونے اور معاملہ پر جلد سماعت کی درخواست کرنے کے بعد سپریم کورٹ نے منگل کو راہل کی عرضی پر 21 جولائی کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

کانگریس لیڈر نے 15 جولائی کو گجرات ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جہاں جسٹس ہیمنت پراچک کی بنچ نے کہا کہ ان کی سزا پر روک لگانا ایک استثنا ہوگا قاعدہ نہیں۔


راہل گاندھی کو مارچ میں سورت کی ایک عدالت کے مجرم قرار دینے کے بعد رکن پارلیمنٹ کے طور پر نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ اپریل 2019 میں کرناٹک میں ایک انتخابی ریلی کے دوران راہل نے وزیر اعظم نریندر مودی، مفرور تاجر نیرو مودی اور للت مودی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا ’’یہ حیرت کی بات ہے کہ تمام چوروں کی کنیت مودی کیسے ہے؟‘‘ انہیں سورت کی ایک عدالت نے ان کے ریمارکس پر دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

سورت کی سیشن عدالت نے مارچ میں راہل گاندھی کی سزا کو معطل کرنے کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ان کی نااہلی سے انہیں کوئی ناقابل تلافی نقصان نہیں پہنچے گا۔

ماہرین قانون کے مطابق اگر سپریم کورٹ راہل گاندھی کی سزا پر روک لگاتا ہے تو یہ ان کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کرنے کے لیے کافی ہوگا۔ کانگریس لیڈر کو اس قاعدہ کے تحت نااہل قرار دیا گیا تھا، جس کے تحت سزا یافتہ ارکان پارلیمنٹ کی لوک سبھا کی رکنیت معطل کر دی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔