وندے ماترم پر بحث: ’مسلم لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تب حب الوطنی کہاں تھی؟‘ ملکارجن کھڑگے کا بی جے پی سے سوال
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’بی جے پی والے حب الوطنی کی بات کر رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے مسلم لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی۔ اس وقت ان کی حب الوطنی کہاں گئی تھی؟‘‘

راجیہ سبھا میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج بحث کی شروعات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ’’جو لوگ وندے ماترم کی اہمیت کو نہیں جانتے وہ اسے انتخاب سے منسلک کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے بحث کے دوران کانگریس کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما ملکارجن کھڑگے نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو لوگ کل تک وندے ماترم نہیں بولتے تھے آج وہی لوگ آگ لگا رہے ہیں اور وہی لوگ کافی فکر مند ہیں۔‘‘ اس دوران انہوں نے ’وندے ماترم‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’بی جے پی والے حب الوطنی کی بات کر رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے مسلم لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی تھی۔ اس وقت ان کی حب الوطنی کہاں گئی تھی؟‘‘ کھڑگے مزید کہتے ہیں کہ مرکزی وزیر داخلہ کے بعد مجھے بولنے کا موقع دیا گیا اس کے لیے چیئرمین کا شکریہ۔ میں خوش قسمت ہوں، میں 60 سالوں سے یہی گیت گا رہا ہوں۔ ’وندے ماترم‘ نہیں گانے والوں نے ابھی شروعات کی ہے۔ میں کانگریس کی جانب سے بنکم جی کو سلام کرتا ہوں۔
ملکارجن کھڑگے کے مطابق ملک معاشی بحران اور بے روزگاری سے نبرد آزما ہے۔ ایسے میں حکومت توجہ ہٹانے کے لیے ایسی چیزیں لاتی ہیں۔ کھڑگے نے کہا کہ حکمراں جماعت بنگال انتخاب کے مدنظر ’وندے ماترم‘ پر بحث کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ اصل ایشو سے توجہ نہیں ہٹایا جا سکتا۔ آج ایک ڈالر کی قیمت 90 روپے ہو چکی ہے۔ عوام کے ایشوز اور ان کے مسائل پر ہی بحث ہونی چاہیے۔ یہ ایک طرح سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
کانگریس صدر کھڑگے نے اپنی تقریر میں وزیر اعظم مودی کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 1937 میں جواہر لعل نہرو پر اصل ’وندے ماترم‘ سے مخصوص حصہ کو ہٹانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اب آپ یہ باتیں اٹھا رہے ہیں، لیکن جب آپ نے مسلم لیگ کے ساتھ مل کر بنگال میں حکومت بنائی تھی، تب کیا ہوا تھا؟ جب شیاما پرساد مکھرجی بنگال میں حکومت بنانے کے لیے شامل ہوئے تھے، تب آپ کی حب الوطنی کہاں تھی؟ کھڑگے کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہائیوں بعد ایسا ہو رہا ہے جب بنگلہ دیش پاکستان کے قریب جا رہا ہے۔ چین اروناچل پردیش پر اپنا قبضہ بتا رہا ہے۔ ایک خاتون کو چین نے شنگھائی میں 18 گھنٹوں تک روکے رکھا۔ اس کے بعد بھی چین کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بولا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔