کیرالہ میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہوئی

کیرالہ میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد منگل کو بڑھ کر123 ہوگئی جبکہ 19 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ترواننت پورم: کیرالہ میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب اور تودے گرنے کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد منگل کو بڑھ کر123ہوگئی جبکہ 19لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست کے مختلف اضلاع میں آٹھ اگست سے شروع ہوئی شدید بارش اور اس کے بعد سیلاب اور تودے گرنے کی وجہ سے بےگھر ہوئے 4008خاندانوں کے 13286لوگ اب بھی 113راحت کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔اس کے علاوہ پانی کی سطح کم ہونے کے بعد کئی مراکز سے لوگ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ بھی چکےہیں۔

ذرائع کے مطابق ملپوم ضلع میں 58، کوہزیکوڈ میں 17، وائناڈ میں 14، تریشور اور کنور میں نو نو، الپوجھا میں چھ، اڈوکی میں پانچ، کوٹایم اور کسار گوڈ میں دو دو اور پلاکڑ میں ایک شخص کی موت ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ملپورم سے 13، وائناڈ سے پانچ اور کوٹائم سے ایک شخص سمیت 19 لوگ لاپتہ ہیں۔


کیرالہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیلاب کی وجہ سے جتنے بھی لوگ لاپتہ ہوئے ہیں جب تک انہیں تلاش نہیں کر لیا جاتا یا ان کی لاش برآمد نہیں ہو جاتی، سرچ آپریشن جاری رہے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیلاب اور تودے گرنے کی وجہ سے 1789 مکان پوری طرح تباہ ہوگئے اور 14548 مکان اور عمارت جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

کیرالہ کے علاوہ جنوبی ہند کی ایک اور ریاست کرناٹک میں بھی بارش اور سیلاب میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 76 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس دوران تقریباً 992 مویشیوں کی بھی ہلاکت ہوئی۔ ریاست کے 22 اضلاع کے 103 تعلقہ میں تقریباً 6.9 لاکھ ہیکٹیئر زمین پر کھڑی فصل برباد ہو گئی ہے۔ دریں اثنا، تقریباً 75317 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔