سزائے موت: ملک بھر کی عدالتوں کے لئے رہنما ہدایات جاری کرے گا سپریم کورٹ

سماعت کے دوران قانون دوست سینئر ایڈوکیٹ کے پرمیشور نے کہا کہ کئی ریاستوں کے پبلک پراسیکیوٹر کو ترقی ہی اس بنیاد پر دی جاتی ہے کہ اس نے کتنے معاملوں میں ملزمان کو سزا دلوائی ہے اور وہ بھی سزائے موت!

سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
سپریم کورٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت کے حوالہ سے ملک بھر کی عدالتوں کے لئے رہنما ہدایات جاری کی جائیں گی۔ عدالت عظمیٰ نے اس سنگین معاملہ پر از خود نوٹس لیا ہے۔ جسٹس یو یو للت، جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے موت کی سزا پانے والے ایک قیدی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عرفان عرف بھیو میواتی کی اس عرضی پر سماعت کر رہی ہے جس میں اس نے اس ے سنائی گئی موت کی سزا کو چیلنج کیا ہے۔ عرفان کے لئے ٹرائل کورٹ نے سزائے موت کا اعلان کیا ہے اور مدھیہ پردیش حکومت نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تین ججوں کی بنچ نے اس عرضی پر چل رہی کارروائی کے دوران کہا کہ سزائے موت کے قابل جرائم میں سخت ترین سزا سنائے جانے کے لئے رہنما ہدایات کا جاری کرنا ضروری ہے اور عدالت کی جانب سے جلد ہی انہیں تیار کر لیا جائے گا۔


بنچ نے اس کے لئے اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال سے بھی تعاون کرنے کو کہا اور نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ بنچ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سزائے موت کے حوالہ سے بھی اصول و ضوابط وضع کئے جائیں کیوں کہ سزا پانے والے مجرم کے پاس اپنے دفاع کے لئے بہت کم اقدامات ہوتے ہیں۔

سماعت کے دوران قانون دوست (ایمیکس کیوری) سینیر ایڈوکیٹ کے پرمیشور نے مدھیہ پردیش کا حوالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کئی ریاستوں میں پبلک پراسیکیوٹر کی ترقی اسی بنیاد پر کی جاتی ہے کہ اس نے کتنے معاملوں میں کتنے ملزمان کو سزا دلائی ہے اور وہ بھی سزائے موت!

سپریم کورٹ نے کہا کہ اس پالیسی کو سپریم کورٹ میں داخل کیا جائے، اس کے بعد عدالت نے اس پر نوٹس لیا اور اب معاملہ کی سماعت 10 مئی کو کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔