شمشیر سرجے والا کا انتقال کانگریس کے لیے خسارۂ عظیم: سونیا

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے شمشیر سرجے والا کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہاکہ ’’شمشیر سرجے والا نے وقف ہوکر کسانوں کے حقوق کی لڑائی لڑی اور کسانوں کے لئے کئی اہم تحریکیں چلائیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کی صد ر سونیا گاندھی نے پارٹی کے لیڈر شمشیر سنگھ سرجے والا کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے ان کے انتقال کو پارٹی کے لئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ سونیا گاندھی نے پیر کو سرجے والا کی اہلیہ ودیا سرجے والا کو بھیجے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ اپنی سیاسی زندگی میں شمشیر سرجے والا نے حکومت میں رہ کر اور اپوزیشن کے لیڈر کے طورپر ہریانہ کے مفاد کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ غیرمتنازعہ شخصیت تھے جو عوام کے خدمت گار کے طورپر اورکانگریس کے تئیں وقف رہے اور ہریانہ میں کانگریس ان کی قیادت میں مزید مضبوط ہوئی۔

کانگریس کی صدر نے کہاکہ شمشیرسرجے والا نے وقف ہوکر کسانوں کے حقوق کی لڑائی لڑی اور کسانوں کے لئے کئی اہم تحریکیں چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ کم ہی لیڈر ہوتے ہیں جن کی اپنے حامیوں پر اتنی گہری چھاپ ہوتی ہے۔ سماج کو آگے بڑھانے کے لئے انہوں نے جو تعاون دیا ہے عوامی خدمت سے وابستہ لوگوں کے لئے ان کا کام ہمیشہ ترغیب کا ذریعہ بنارہے گا۔


سونیا گاندھی نے ان کے کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دکھ کے اس لمحہ میں متاثرہ کنبہ کے ساتھ ہوں اور شمشیر سرجے والا کو اپنی خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ خیال رہے کہ 88سالہ شمشیر سرجے والا کا طویل بیمار ی کے بعد آج صبح انتقال ہوگیا۔ ان کے بیٹے رندیپ سنگھ سرجے والا کانگریس محکمہ مواصلات کے سربراہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔