ملکہ الزبتھ کا انتقال: صدر مرمو، وزیر اعظم مودی اور راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی لیڈران کا اظہار افسوس

صدر دروپدی مرمو، اعظم مودی اور راہل گاندھی سمیت ہندوستان کی اہم شخصیات نے ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے

ملکہ الزبتھ ثانی / تصاویر Getty Images
ملکہ الزبتھ ثانی / تصاویر Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: برطانیہ پر تقریباً 7 عشروں تک راج کرنے والی ملکہ الزبتھ ثانی اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ انہوں نے 96 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ ان کا نام دنیا کی عظیم شخصیات میں سے ایک تھا۔ ملکہ کی وفات کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں نے انہیں یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر دروپدی مرمو سمیت ہندوستان کی اہم شخصیات نے بھی ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں اعظم مودی، راہل گاندھی اور ممتا بنرجی جیسے لیڈر شامل ہیں۔

صدر دروپدی مرمو نے ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ ہندوستانی صدر نے ٹوئٹر پر لکھا ’’دنیا آج ایک عظیم شخصیت سے محروم ہو گئی۔ انہوں نے سات دہائیوں تک اپنے ملک کے لوگوں کے لیے کام کیا۔ میں برطانیہ کے لوگوں اور ملکہ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘


وزیر اعظم نریندر مودی نے ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر غم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ملکہ الزبتھ سے ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔ نریندر مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد 2015 میں پہلی بار برطانیہ کا دورہ کیا تھا، اس کے بعد 2018 میں بھی وہ برطانیہ گئے تھے، جہاں انہوں نے ملکہ الزبتھ ثانی سے ملاقات کی تھی۔

پی ایم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’میں ملکہ کی سخاوت اور گرمجوشی کو نہیں بھول سکتا۔ ملکہ نے مجھے وہ رومال بھی دکھایا تھا جو مہاتما گاندھی نے انہیں اپنی شادی پر بطور تحفہ پیش کیا تھا۔ غم کی اس گھڑی میں میری تعزیت برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ ہے۔‘‘

کانگریس کے سابق صدر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی ملکہ الزبتھ ثانی کو یاد کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر برطانیہ کے لوگوں اور شاہی خاندان کے ساتھ میری تعزیت۔ ان کا ایک طویل اور شاندار دور حکومت تھا، انہوں نے اپنے ملک کی عزم اور احترام کے ساتھ خدمت کی۔‘‘


مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ملکہ الزبتھ ثانی کو یاد کرتے ہوئے لکھا ’’میں ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر برطانوی شاہی خاندان اور برطانیہ کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ یہ ایک ایسے دور کا خاتمہ ہے جب سب سے طویل حکمرانی کرنے والی برطانوی ملکہ اپنے آخری سفر کے لیے روانہ ہوں گی۔‘‘

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ملکہ الزبتھ ثانی کے انقال پر ٹوئٹر پر لکھا ’’برطانیہ میں سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ ثانی کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا۔ سات دہائیوں، 15 وزرائے اعظم اور جدید تاریخ کے کئی اہم لمحات کا حصہ ہونے کے بعد دوسرا الزبتھ دور ختم ہو گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔