سوڈان میں 18 ہندوستانی مزدوروں کی موت کا معاملہ لوک سبھا میں اٹھایا گیا

لوک سبھا میں کئی اراکین نے سوڈان کے خرطوم میں گیس ٹینکر دھماکے میں مارے گئے ہندوستانی مزدوروں کو مناسب معاوضہ دئے جانے اور ان کی لاشوں کو جلد از جلد ہندوستان لانے کا مطالبہ کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سوڈان کے خرطوم میں منگل کو گیس ٹینکر دھماکے میں مارے گئے ہندوستانی مزدوروں کو مناسب معاوضہ دئے جانے اور ان کی لاشوں کو جلد از جلد ہندوستان لانے جانے کا مطالبہ جمعرات کو لوک سبھا میں کئی اراکین نے کیا۔

ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیس ٹینکر دھماکے میں 18ہندوستانیوں کی موت ہوگئی تھی۔ان میں چھ تمل ناڈو کے بھی تھے۔مرکزی حکومت اور وزارت خارجہ کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ ان کی لاشیں جلد از جلد ملک واپس لائی جائیں اور ان کے گھروالوں کے سپرد کی جائیں۔


بہار کے سارن سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن راجیو پرتاپ روڈی نے کہا کہ جو ہندوستانی وہاں مارےگئے ہیں ان میں بہار کے بھی کچھ لوگ ہیں اور ایک شخص ان کے ہی پارلیمانی حلقے کا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت ہلاک شدگان ہندوستانی کے گھروالوں کو سوڈان حکومت سے معاوضہ دلانے کے معاملے میں کارروائی کرے اور اپنی سطح پر بھی مدد مہیا کرائے۔

تمل ناڈو کے ناگاپٹنم سے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رکن ایم سیلوراج نے کہا کہ تمل ناڈو کے جو مزدور اس حادثے میں مارے گئے ہیں ان کی لاشوں کو جلد از جلد ملک واپس لایا جائے اور گھروالوں کو کم از کم 25-25لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔