دیوالی پر گھر کا خواب پورا کرے گا ڈی ڈی اے! نئی اسکیم کا اعلان
ستی رہائش کی بڑھتی ہوئی مانگ کے جواب میں اس اسکیم میں مزید فلیٹ شامل کیے گئے ہیں۔ لوگ ان فلیٹس کو خریدنے سے پہلے ان کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ ا ن نئے فلیٹس کی بکنگ 21 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کھلے گی۔

دیوالی کے موقع پر اگر آپ بھی راجدھانی میں سستا گھر لینا چاہتے ہیں تو ڈی ڈی اے آپ کا یہ خواب پورا کرے گا۔ عوامی مطالبہ کے بعد ڈی ڈی اے اپنی سستی ہاؤسنگ اسکیم’ اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم‘ میں فلیٹس کا اضافہ کر رہا ہے۔ اس بار اسکیم میں 283 ایم آئی جی اور ای ڈبلیو ایس فلیٹ شامل کیے جا رہے ہیں۔ لوگ 21 اکتوبر سے 26 نومبر تک ان فلیٹس کی بکنگ کر سکیں گے۔
تمام 163 ایم آئی جی فلیٹس لوک نائک پورم میں ہیں، جبکہ تمام 120 ای ڈبلیو ایس فلیٹ نریلا میں ہیں۔ سبھی فلیٹس پر 15 فیصد رعایت ملے گی۔ سستی رہائش کی بڑھتی ہوئی مانگ کے جواب میں اس اسکیم میں مزید فلیٹ شامل کیے گئے ہیں۔ لوگ ان فلیٹس کو خریدنے سے پہلے ان کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ ا ن نئے فلیٹس کی بکنگ 21 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کھلے گی۔ اسکیم کی تمام شرائط پرانی ہی رہیں گی۔
یہ فلیٹس ’پہلے آؤ پہلے پاؤ‘کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ ان اسکیموں کے تحت اپنی پسند کے فلور اور فلیٹ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ حالانکہ ڈی ڈی اے نے ابھی تک نئے شامل کیے گئے فلیٹوں کی قیمتوں کا انکشاف نہیں کیا ہے۔ اس سے پہلے اس اسکیم کے تحت لوک نائک پورم میں ایم آئی جی فلیٹوں کی تخمینہ قیمت 1.17 کروڑ سے 1.22 کروڑ روپے تک تھی۔
دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) دہلی کی ترقی اور منصوبہ بندی کے لیے ذمہ دار ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دہلی کے لوگوں کے لیے اچھی شہری سہولیات اور معیار زندگی فراہم کرنا ہے۔ ڈی ڈی اے ہاؤسنگ پروجیکٹوں کی تعمیر اور انتظام کرتا ہے۔ یہ زمین کا انتظام بھی کرتا ہے۔ یہ تجارتی اور رہائشی زمین بھی مختص کرتا ہے۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی بھی ڈی ڈی اے کے کاموں میں شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔