پلوامہ میں شہید جوان کی بیٹی بنے گی ڈاکٹر! پرینکا گاندھی کریں گی بھرپور مدد

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شہید جوان اجیت کمار کی بیٹی ایشا سے بات چیت کے دوران انھیں یقین دلایا کہ ڈاکٹر بننے میں وہ ان کی بھرپور مدد کریں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پلوامہ حملہ میں شہید جوانوں کے گھر ہنوز ماتم کناں ہیں۔ جن شہید جوانوں کی بیویاں ہیں وہ شوہر سے محرومی کے غم میں بے حال ہیں، اور جن کے بچے ہیں وہ اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہیں۔ اس درمیان کانگریس کی نومنتخب قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے دہشت گردانہ حملہ میں شہید انّاؤ کے باشندہ اجیت کمار آزاد کی بیٹی کو اس کا خواب مکمل کرنے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اجیت کمار کی بیٹی ایشا کا خواب ڈاکٹر بننا ہے اور فون پر بات چیت کے دوران جب پرینکا گاندھی کو اس بات کی جانکاری ہوئی تو انھوں نے ہر طرح کی مدد دینے کی بات کہی۔

دراصل اُنّاؤ کی سابق کانگریس رکن پارلیمنٹ انو ٹنڈن نے ایشا سے پرینکا گاندھی کی فون پر بات چیت کروائی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایشا نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے ان سے مستقبل کی تیاریوں کے بارے میں پوچھا۔ اس پر ایشا نے کہا کہ وہ ڈاکٹر بن کر لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ یہ بات سن کر پرینکا نے وعدہ کیا کہ وہ ان کی پوری مدد کریں گی۔ اس تعلق سے شہید کے والد پیارے لال نے میڈیا سے کہا کہ ’’پرینکا گاندھی نے جو بھروسہ میری فیملی کو دیا ہے اس سے تکلیف کی اس گھڑی میں ہم لوگوں کو صدمے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی پلوامہ حملہ سے کافی غمزدہ ہیں اور اس کا اظہار انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ حملہ کی خبر ملنے کے بعد انھوں نے اپنے کئی سیاسی پروگرام کو بھی کینسل کر دیا تھا۔ بعد ازاں انھوں نے پلوامہ کے ایک شہید جوان اودھیش کمار یادو کے والد سے بات چیت کی تھی جو کہ یو پی کے چندولی کے رہنے والے تھے۔ ان سے گفتگو کے دوران پرینکا نے کہا تھا کہ ’’میرے والد کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تھا اس لیے میں آپ کا غم سمجھتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Feb 2019, 8:09 PM