اتراکھنڈ میں ’یونیفارم سول کوڈ‘ نافذ کرنے کی تاریخ سے اٹھا پردہ! 27 جنوری کو یو سی سی پورٹل ہوگا لانچ
وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں 27 جنوری کی دوپہر 12.30 بجے یو سی سی پورٹل کا افتتاح کیا جائے گا، یہ قدم ریاست میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

اتراکھنڈ میں ’یونیفارم سول کوڈ‘ نافذ کرنے کی تیاری آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے۔ ریاستی سکریٹریٹ دفتر کی جانب سے دی گئی جانکاری کے مطابق 27 جنوری کی دوپہر 12.30 بجے یو سی سی پورٹل لانچ کیا جائے گا۔ امید کی جا رہی ہے کہ اسی دن باضابطہ طور پر یو سی سی یعنی یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا اعلان بھی ہو جائے گا۔ پورٹل کا افتتاح ریاست میں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
اتراکھنڈ میں یو سی سی نافذ ہونے کی صورت میں یہ ریاست آزاد ہندوستان میں یو سی سی نافذ کرنے والی پہلی ریاست بن جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں 3 سالوں سے اس کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں اور طویل صلاح و مشورہ کے ساتھ ساتھ کافی مشقتوں کے بعد یہ قانون اب زمین پر اترنے کے لیے تیار ہے۔
بہرحال، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے سکریٹری شیلیش بگولی کے ذریعہ جاری خط کے مطابق سبھی متعلقہ محکموں اور افسران کو یو سی سی پورٹل لانچنگ کے پروگرام میں حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے کے لیے ہدایت کی گئی ہے۔ اس سے قبل یو سی سی کے ویب پورٹل کی 2 مرتبہ ماک ڈرل کی گئی تھی۔ اس دوران لاگ اِن سے متعلق تکنیکی مسائل کو دور کیا گیا۔ اب یہ پورٹل پوری طرح تیار ہے اور 27 جنوری کو عوام کے استعمال میں آ جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 28 جنوری کو دہرادون دورہ کرنے والے ہیں۔ اس سے ایک دن قبل یو سی سی نافذ کیے جانے کو اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اسے ریاستی حکومت کی ایک بڑی حصولیابی اور مرکزی حکومت کی ترقی پر مبنی پالیسی کی حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یو سی سی نافذ کرنے کا مقصد سبھی شہریوں کے لیے یکساں قانون نافذ کرنا ہے، چاہے ان کا مذہب، ذات یا طبقہ کچھ بھی ہو۔ اس میں شادی، طلاق، گود لینے، جانشینی اور جائیداد کی تقسیم جیسے ذاتی امور بھی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔