داناپور ریل ڈویژن نے رقم کی تاریخ، 93.29 فیصد ایکسپریس ٹرینیں وقت پر، صرف 7.71 فیصد ٹرینیں ہوئیں لیٹ

مسافروں کی بڑھتی شکایتوں اور وزیر ریل تک پہنچے ایشوز کے بعد ڈی آر ایم ونود کمار نے اس ٹرینوں میں ہو رہی تاخیر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے اس مسئلہ کا ترجیحی بنیاد پر حل تلاش کرنا شروع کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>ریل، فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

داناپور ریل ڈویژن نے ایک بار پھر اپنی خدمات اور عزائم سے ریلوے کی شبیہ کو بہتر بنایا ہے۔ وزارت ریل کے ذریعہ جاری تازہ رپورٹ کے مطابق داناپور ریل ڈویژن ملک بھر میں ٹرینوں کے وقت پر چلنے کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ یہاں 93.29 فیصد ایکسپریس ٹرینیں وقت مقررہ پر چل رہی ہیں، جبکہ محض 7.71 فیصد ٹرینیں ہی تاخیر کا سامنا کر رہی ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی سے داناپور ریل ڈویژن میں ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے کی شکایتیں مستقل مل رہی تھیں۔

مسافروں کی بڑھتی شکایتوں اور وزیر ریل تک پہنچے ایشوز کے بعد ڈی آر ایم ونود کمار نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اس مسئلہ کا حل ترجیحی بنیاد پر نکالنے کا عزم کیا۔ ان کی قیادت میں ڈویژن نے ٹرینوں کو صحیح وقت پر چلانے کے لیے کئی تکنیکی اور آپریشنل اصلاح کیے، جن کا اب واضح اثر دکھائی دے رہا ہے۔ داناپور ریل ڈویژن کے تحت آنے والے اہم راستہ مغل سرائے سے جھاجھا تک پر ٹرینوں کی اوسط رفتار اب 90 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہے۔ ریلوے ایپ کے ڈاٹا سے بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے کہ اب بیشتر ٹرینیں اپنے وقت مقررہ پر منزل پہنچ رہی ہیں۔


ریل انتظامیہ نے ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ دور کرنے کے لیے کئی اہم اقدام کیے ہیں۔ پٹرویوں کی مرمت، پرانے پلوں کی تشکیل نو، آٹومیٹک پھاٹکوں پر گیٹ بنانے اور الیکٹرانک پینل انٹرلاکنگ سسٹم جیسی تکنیک اختیار کرنے سے آپریشنل صلاحیت میں قابل ذکر بہتری آئی ہے۔ داناپور ڈویژن کی یہ کامیابی صرف ڈویژنل سطح تک محدود نہیں رہی۔ ایسٹ سنٹرل ریلوے نے بھی اس شعبہ میں قابل ذکر پیش قدمی درج کی ہے۔ وقت مقررہ پر ٹرین پہنچنے کے معاملے میں گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال 3.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ انڈین ریل کے کسی بھی دیگر علاقائی زون کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ اس بہتری کے ساتھ ایسٹ سنٹرل ریل نے ملک کے دیگر 16 زونل ریلوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے ریلوے کے بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط کرنے کے لیے کی گئی مستقل کوشش ہے۔