ڈلیوال نے سپریم کورٹ کو لکھا خط، اسٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات پر مرکز کو ہدایت دینے کی اپیل
پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کسانوں کے ایم ایس پی پر گارنٹی والے مطالبہ کی حمایت کی ہے۔ اس سلسلے میں ایک روڈ میپ تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

جگجیت ڈلیوال (فائل)، تصویر 'ایکس'
کسانوں کے مطالبات کو لے کر گزشتہ 28 دن سے بھوک ہڑتال کر رہے کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ پارلیمنت کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی طرف سے کی گئی سفارشات کو لے کر مرکز کو ہدایت دی جائے۔ زراعت، مویشی پروری اور فوڈ پروسیسنگ کو لے کر بنی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کسانوں کے ایم ایس پی پر گارنٹی والے مطالبہ کی حمایت کی ہے۔ کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ ایم ایس پی کی تجویز کو نافذ کرنے کے لیے وزارت زراعت کو ایک روڈ میپ تیار کرنا چاہیے۔
ڈلیوال نے سپریم کورٹ کی بنچ کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے، "میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ مرکزی حکومت کو آپ ایم ایس پی پر قانون بنانے کی ہدایت دیں۔ پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اور کسانوں کے جذبات کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری ہو گیا ہے۔ سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) اور کسان مزدور مورچہ کے لیٹر ہیڈ پر ڈلیوال نے اپنے دستخط کرکے یہ عرضی داخل کی ہے۔
واضح ہو کہ کسان رہنما ڈلیوال پنجاب اور ہریانہ کے کھنوری بارڈر پر 26 نومبر سے ہی کسانوں کے مطالبات کو لے کر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ وہیں شمبھو بارڈر پر بھی کسان جمے ہوئے ہیں۔ کئی بار کسان دہلی کوچ کرنے کی کوشش کر چکے ہیں لیکن ہریانہ انتظامیہ نے انہیں آگے نہیں بڑھنے دیا۔ اس کے علاوہ کسان رہنما گرنام چڈھونی نے بھی پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات پر بحث کرنے کے لیے کسان رہنماؤں کی میٹنگ بلائی ہے۔
وہیں پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر ایم ایس پی کو لے کر قانون بنایا جاتا ہے اور کسانوں کو ایم ایس پی پر گارنٹی دی جاتی ہے تو کھیتی کا دائرہ بڑھ جائے گا اور دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔
بات کی جائے زیادہ سے زیادہ حمایتی قیمت یعنی ایم ایس پی کی تو یہ کھیتی کے مصنوعات کی فکس قیمت ہوتی ہے۔ ایم ایس پی پر گارنٹی کا مطالبہ کسان طویل عرصے سے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس پر قانون بن جاتا ہے تو تاجر سے لے کر بچولیے تک فصلوں کو طے قیمت پر خریدنے کے لیے مجبور ہوں گے اور کسانوں کو منافع ہوگا، جبکہ ایم ایس پی پر گارنٹی نہیں ہونے کی وجہ سے بچولیے من مانی قیمت پر کسانوں کی فصلوں کو خریدنے لگتے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ دیہی معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے یہ قدم ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔