یوگی حکومت میں پھر دلت لڑکی پر ظلم، مبینہ اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل

اطلاع ملنے پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس چنپا نے گاوں پہنچ کر معاملے کی جانکاری لی۔ انہوں نے مشتعل اہل خانہ کو ملزمین کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کیے جانے کا تیقن دیا ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے چلکانا تھانہ علاقے واقع ایک گاؤں میں دولڑکوں نے ایک دلت کنبے کے گھر میں گھس کر لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی اور پھر اسے زہر دے دیا، جس سے اس کی حالت کافی نازک ہوگئی۔ نازک حالت میں متاثرہ کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا جب راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا۔

اطلاع ملنے پر آج سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس چنپا نے گاوں پہنچ کر معاملے کی جانکاری لی۔ انہوں نے مشتعل اہل خانہ کو ملزمین کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کیے جانے کا تیقن دیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں نامزد ملزم فیضان کو گرفتار کر کے آج عدالت میں پیش کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ جبکہ دوسرا ملزم فیضان کا چچا واجد فرار ہے۔


ایس پی شہر راجیش سنگھ کے مطابق دونوں ملزمین متوفیہ کے پڑوسی ہیں حادثے کے وقت لڑکی گھر پر اکیلے تھی۔ اس کے والد نہیں ہیں اور ماں اپنی ایک بیٹی کے ساتھ مائیکے گئی ہوئی تھی۔ پولیس نے متوفیہ کے بھائی کی تحریر پر دونوں ملزمین کے خلاف پاسکو ایکٹ، ایس سی ۔ایس ٹی ایکٹ، عصمت دری و قتل کی دفعات میں مقدمہ درج کیا ہے۔ متوفیہ جماعت 12ویں کی طالبہ تھی۔ متوفیہ کی سلائڈ بنوا کر جانچ کے لئے پیتھالوجی لیب بھیجا گیا ہے۔ اس کی رپورٹ ابھی نہیں ملی ہے۔ واقعہ کے بعد سے بھیم آرمی سمیت ضلع کے دلت سماج میں کافی اشتعال ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔