یوپی میں پسماندہ طبقات پر ظلم و ستم، لیڈران اور وزرا تک آواز اٹھانے میں خوفزدہ: اجے کمار للو

اجے کمار للو نے کہا کہ صوبہ میں دلتوں اور پسماندہ طبقات پر ظلم و ستم کا سلسلہ طویل ہو رہا ہے اور حالات اس قدر تشویش ناک ہیں کہ بی جے پی میں شامل دلت اور پسماندہ طبقات کے رہنما تک آواز نہیں اٹھا سکتے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار للو کا کہنا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے اقتدار کے تین سالوں کے دوران اتر پردیش ریاست دلتوں، پسماندہ طبقات پر تشدد و استحصال اور عصمت دری کا گڑھ بن چکا ہے۔ یو پی میں دلتوں اور پسماندہ طبقات پر ہونے والے ظلم و ستم میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ اجے کمار للو شعبہ درج فہرست ذات (ایس سی ونگ) کی پریس کانفریس کے دوران صوبہ میں جاری لاقانونیت پر بول رہے تھے۔

اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ صوبہ میں دلتوں اور پسماندہ طبقات پر ظلم و ستم کا سلسلہ طویل ہو رہا ہے اور حالات اس قدر تشویش ناک ہیں کہ یوگی کابینہ اور بی جے پی میں شامل دلت اور پسماندہ طبقات سے وابستہ رہنما اور وزرا بھی اس کے خلاف آواز نہیں اٹھا سکتے۔


دریں اثنا، اتر پردیش کانگریس ایس سی ونگ کے صدر آلوک پرساد نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہوئی شعبہ کی صوبائی سطحی میٹنگ کے دوران صوبہ بھر میں بڑھتے تشدد، عصمت دری اور استحصال کے حوالہ سے ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کے استحصال کے کُل درج معاملوں (2008) میں سے آدھے سے زیادہ اکیلے یوپی میں ہیں۔

ایس سی ونگ کے نائب صدر تنُج پونیہ نے کہا کہ کورونا وبا کے دور میں بڑے پیمانے پر غیر منظم علاقہ سے وابستہ دلت اور پسماندہ طبقات کے مزدوروں کو اپنا روزگار کھونا پڑا ہے اور اس کے سبب ان کے کھانے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں حکومت کو فوری طور پر دلتوں اور پسماندہ طبقات کے لئے معاشی پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jul 2020, 6:11 PM