گردابی طوفان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں 3 دنوں تک ہوگی بارش!

اڈیشہ میں 27 سے 29 اکتوبر تک بھاری سے لے کر بے حد بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساحلی اضلاع کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ساتھ ہی مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گردابی طوفان کی علامتی تصویر / یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جنوب مشرقی خلیج بنگال کے اوپر جمعہ کے روز تیار ایک ذیلی ہوائی دباؤ 27 اکتوبر تک گردابی طوفان میں تبدیل ہو سکتے ہے۔ اس کے پیش نظر آئندہ پیر سے 3 دنوں تک اڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ بھونیشور میں محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر منورما موہنتی کا کہنا ہے کہ موسمیاتی نظام گزشتہ 3 گھنٹوں میں مغرب- شمال مغرب کی طرف بڑھا ہے اور اس کے آگے بھی اسی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے۔

موہنتی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’25 اکتوبر تک جنوب مشرق اور اس سے ملحق وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک دباؤ، 26 اکتوبر تک ایک گہرا دباؤ اور 27 اکتوبر کی صبح تک جنوب-مغرب اور اس سے ملحق مغرب-وسط خلیج بنگال کے اوپر ایک گردابی طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ طوفان اڈیشہ کے ساحل پر دستک دے گا، انھوں نے کہا کہ ’’ابھی پیشین گوئی ظاہر کرنا جلدبازی ہوگی، لیکن جہاں بھی یہ طوفان پہنچے گا، اڈیشہ میں 27 سے 29 اکتوبر تک بھاری سے لے کر بے حد بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساحلی اضلاع کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔‘‘


ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کو 12 اضلاع میں، ہفتہ اور اتوار کو 21 اضلاع میں اور پیر کو پوری ریاست (اڈیشہ) میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش کا ’یلو‘ الرٹ جاری کیا ہے۔ اڈیشہ کے وزیر برائے ریونیو اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سریش پجاری نے کہا کہ ریاستی حکومت حالات پر باریکی سے نظر رکھ رہی ہے اور کسی بھی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ پجاری کا کہنا ہے کہ ’’اکتوبر کو عام طور پر گردابی طوفان کے امکانات والا مہینہ تصور کیا جاتا ہے۔ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘‘

محکمہ موسمیات کے افسران کا کہنا ہے کہ اس گردابی طوفان کے سبب 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان جنوبی بنگال کے اضلاع شمالی و جنوبی 24 پرگنہ، شمالی و مغربی میدنی پور، جھارگرام اور ہاؤڑہ میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی 28 اکتوبر کو کولکاتا اور آس پاس کے ہگلی ضلعے میں بجلی کڑکنے کے ساتھ طوفان آنے کا امکان ہے۔ افسران نے یہ بھی مطلع کیا کہ شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی، علی پور دوار، کوچ بہار، جنوبی دیناج پور اور مالدہ ضلعوں میں بھی 29 سے 30 اکتوبر کے درمیان شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔