تتلی طوفان: اڈیشہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہوئی

وزیراعلی نوین پٹنائک نے ریاست میں راحت اور تعمیر نو کے کاموں کے لئے مرکزی حکومت سے 1000 کروڑ کی عبوری مدد کی مانگ کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھونیشور: اڈیشہ میں سمندری طوفان تتلی اور اس کے بعد تودے گرنے سے مزید چار لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق ہو جانے کے ساتھ ہی سنیچر کو مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 61 ہوگئی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تک مرنے والوں کی تعداد 57 ہونے کی اطلاع ہے جسے آج بڑھا کر 61 کردیا گیا۔ اوڈیشہ کے دو اضلاع گجپتی میں 39 اور گنجم میں 12لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور باز آبادکاری کے کام کا جائزہ لینے والے اڈیشہ کے چیف سکریٹری اے پی پادھی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اب تک 61 لوگوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ انتظامیہ 11 دیگر اموات کی تصدیق کررہا ہے۔ ان گیارہ لوگوں میں آندھراپردیش سے مچھلی پکڑنے کے لئے گوپال پور آئے تین ماہی گیر شامل ہیں۔

چیف سکریٹری پادھی نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں راحت، باز آبادکاری اور تعمیر نو کا کام پورے زور وشور سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجپتی اور گنجم اضلاع کے متاثرہ کنبوں کو گیارہ کروڑ کی مدد دی جاچکی ہے۔ گنجم ضلع میں یہ عمل اپنے آخری مرحلہ میں ہے۔ اڈیشہ حکومت نے مرنے والوں کے رشتہ داروں کو دس لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔

سمندر ی طوفان تتلی اور اس کے بعد آئے سیلاب سے ریاست کے 17 اضلاع میں 2.7 لاکھ ہیکٹیئر کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری اندازہ کے مطابق طوفان اور سیلاب سے مجموعی طورپر 2770.28 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

وزیراعلی نوین پٹنائک نے ریاست میں راحت اور تعمیر نو کے کاموں کے لئے مرکزی حکومت سے 1000 کروڑ کی عبوری مدد کی مانگ کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Oct 2018, 8:09 AM
/* */