گردابی طوفان ’سینیار‘ سے جنوبی ہندوستان ہوگا اثرانداز، کیرالہ، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں شدید بارش کا الرٹ
محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو 30 نومبر تک سمندری علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ سمندر کی صورتحال ’خراب سے بہت خراب‘ ہے۔

گردابی طوفان ’سینیار‘ اور لو-پریشر سسٹم کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو، کیرالہ اور آندھرا پردیش میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملکّا اسٹریٹ کے پاس گردابی طوفان ’سینیار‘ موجود ہے اور خلیج بنگال کے جنوب-مغرب میں لو-پریشر ایریا بن رہا ہے۔ اس کی وجہ سے جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو، کیرالہ، ساحلی آندھرا پردیش اور انڈمان و نکوبار کے لیے مکمل الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چنئی میں آج آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور درمیان میں شدید بارش ہو سکتی ہے، لیکن آئندہ 48 گھنٹوں میں بارش کی شدت میں کافی اضافہ ہونے کی امید ہے۔ حالانکہ بنگلورو کا موسم ابھی تھوڑا الگ ہے، آسمان میں ہلکے بادل چھائے رہیں گے اور درجہ حرارت پرسکون رہے گا، جبکہ ماہرین موسمیات کا اندازاہ ہے کہ ہفتے کے آخر تک بارش کے ساتھ موسم میں بڑی تبدیلی آئے گی۔
چنئی میں فوری بارش کا امکان ہے، درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس اور 29 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 سے 30 نومبر تک ساحلی اضلاع میں بڑے پیمانے پر ’شدید سے شدید ترین‘ بارش ہوگی، جو گہرے ہوتے ہوئے لو پریشر سسٹم کی وجہ سے ہوگا۔ ریاست کے شمالی اضلاع میں 21 سی ایم تک بارش ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
محمہ موسمیات کے مطابق کرناٹک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 19 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ آسمان میں بادل چھائے رہیں گے، لیکن بنگلورو کے موسم میں 29 نومبر تک تیزی سے تبدیلی آئے گی، جس میں شدید بارش کا امکان 90-80 فیصد ہے اور درجہ حرارت 20-15 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔ جنوبی اندرونی علاقوں میں بارش کا دور شروع ہونے سے قبل بقیہ کرناٹک میں موسم زیادہ خشک رہے گا۔
اگر حیدرآباد کی بات کی جائے تو یہاں کا موسم 30 ڈگری سیلسیس کے آس پاس گرم رہے گا اور رات میں درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ حالانکہ ساحلی آندھرا پردیش خاص طور سے ینم اور رائل سیما میں 30-29 نومبر کو ’شدید سے شدید ترین بارش‘ کا الرٹ ہے، کیونکہ موسمی نظام شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔
گردابی طوفان ’سینیار‘ جو ابھی مغرب-جنوب-مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ایسا امکان ہے کہ مشرق کی طرف واپس لوٹنے سے قبل اپنی تیزی بنائے رکھے گا، حالانکہ اس سے ہندوستانی سرزمین پر براہ راست کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن اس کی موجودگی سے نمی اور بارش دونوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے جنوب-مغرب خلیج بنگال، خلیج منار اور تمل ناڈو-سری لنکا کے ساحلوں پر 55-45 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے جھونکے ساتھ تیز ہوا والا موسم بتایا گیا ہے، جو 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتا ہے۔ ماہی گیروں کو 30 نومبر تک ان سمندری علاقوں سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ سمندر کی صورتحال ’خراب سے بہت خراب‘ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ افسران نے ساحلی تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کر دی ہیں۔ کیونکہ ہفتے کے آخر میں دوہرے موسمی نظام کے باعث بارش کی رفتار میں اضافے سے پانی بھرنے اور علاقائی سطح پر سیلاب کے آنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔