جنوبی ہندوستان پر سمندری طوفان ’نیوار‘ کا خطرہ، آندھرا-تمل ناڈو میں بارش، پڈوچیری میں رات کا کرفیو

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سمندری طوفان جسے ’نیوار‘ کہا جا رہا ہے، بدھ کے روز تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چنئی: خلیجِ بنگال کے جنوب مشرق میں بنا گہرا دباؤ شمال مشرق کی جانب پیش قدمی کرنے کے بعد سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سمندری طوفان جسے ’نیوار‘ کہا جا رہا ہے، بدھ کے روز تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل کے بیشتر علاقوں میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان نیوار فی الحال پڈوچیری سے تقریباً 400 کلومیٹر دور ہے جو اگلے 24 گھنٹوں میں تیزی سے پیش قدمی کرتا ہوا خوفناک شکل اختیار کر سکتا ہے۔ یہ طوفان 25 نومبر کی شام کرائیکل اور ماملپورم کے درمیان تمل ناڈو کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ ساحل سے تصادم کے وقت 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے 26 نومبر کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں گرج کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ خلیج بنگال میں بنے کم دباؤ کے سبب تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں رات سے یہ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دریں اثنا، پڈوچیری کے ضلع مجسٹریٹ نے سمندری طوفان نیوارکے پیش نظر آج رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک پورے علاقہ میں 26 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس دوران تمام دکانیں بند رہیں گی، تاہم دودھ کی دکانوں اور پٹرول پمپ کھلے رکھنے کی اجازت دی ہے۔


محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری طوفان کے الرٹ کے بعد مقامی افسران نے ماہی گیروں کو سمندر کے ساحل پر نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔ اس کے علاقہ تمل ناڈو کے ناگاپٹنم اور کرائیکل علاقوں میں این ڈی آر ایف کی 6 ٹیموں کو متحرک کیا گیا ہے۔

طوفان کا الرٹ جاری کیے جانے کے بعد جنوبی ریلوے نے کئی ٹرینیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے کی طرف سے ٹوئٹ کر کے کہا گیا ہے کہ طوفان کے پیش نظر کچھ ٹرینوں کو مکمل جبکہ کچھ کو جزوی طور پر منسوخ کیا گیا ہے۔ ریلوے کے مطابق مکمل طور پر منسوخ ہونے والی ٹرینوں کے ٹکت کی رقم ضواط و شرائط کی بنیادوں پر مسافروں کو ری فنڈ کر دی جائے گی۔ اسی طرح جزوی طور پر منسوخ ٹرینوں کے بک کیے گئے ٹکٹوں کی رقم بھی واپس کر دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔