تمل ناڈو پر گردابی طوفان ’مونتھا‘ کا خطرہ، محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ
آئی ایم ڈی کے مطابق گردابی طوفان تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آئندہ 2 دنوں میں اس کی وجہ سے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے

جنوبی-مشرقی خلیج بنگال میں بنا گہرا دباؤ دھیرے دھیرے شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور پیر کی صبح تک اس کے گردابی طوفان ’مونتھا‘ میں تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔ اتوار کو ہندوستانی محکہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے ذریعہ جاری وارننگ کے بعدد تمل ناڈو میں آرینج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس گردابی طوفان کی رفتار اب شمال مغرب کی طرف ہے اور یہ تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ آئندہ 2 دنوں میں اس کی وجہ سے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے ساحلی اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔
جنوب مشرقی خلیج بنگال پر بنا گہرا دباؤ اتوار کی صبح 5.30 بجے چنئی سے تقریباً 800 کلومیٹر مشرق-جنوب مشرق میں مرکوز تھا۔ آئی ایم ڈی کا اندازہ ہے کہ یہ دباؤ پیر کی صبح تک خلیج بنگال کے جنوب مغربی اور مغربی وسطی حصہ میں ایک گردابی طوفان میں بدل جائے گا۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ دباؤ شمال مغربی سمت میں بڑھتا رہے گا اور پیر کی رات یا منگل کی صبح تک یہ شدید گردابی طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
یہ طوفان منگل کی شام یا رات تک آندھرا پردیش کے ساحل سے کاکیناڈا کے پاس، مچھلی پٹنم اور کلنگ پٹنم کے درمیان ہو کر گزر سکتا ہے۔ طوفان کے دوران ہوا کی رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ آندھرا پردیش اور شمالی تامل ناڈو کے ساحلوں پر 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اس دوران ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی وارننگ دی گئی ہے۔ جو ماہی گیر پہلے سے ہی سمندر میں ہیں، انہیں اونچی لہروں اور تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر فوری طور پر ساحل پر آنے کا مشوررہ دیا گیا ہے۔
خلیج بنگال میں بنے دباؤ کے سبب اتوار کو تروولور، چنئی، چنگل پٹو، کانچی پورم، ویلوپورم، رانی پیٹ اضلاع اور پڈوچیری میں شدید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ان علاقوں میں تیز بارش اور تیز ہوا کے سبب خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ پیر کو رانی پیٹ تروولور اور چنئی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ولوپورم، چنگل پٹو، کانچی پورم، ویلور اور پڈوچیری میں درمیانی سے شدید بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ویلوپورم، چنگلپٹو، کانچی پورم، ویلور اور پڈوچیری میں درمیانی سے شدید بارش ہو سکتی ہے۔
منگل تک بارش کا سلسلہ شمال کی طرف بڑھے گا، رانی پیٹ اور تروولور اضلاع میں خاص طور پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اضلاع کی انتظامی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش، سیلاب یا تیز ہواؤں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔