سمندری طوفان’مونتھا‘: دہلی- این سی آر سے لے کر اتر پردیش اور بہار تک آئی ایم ڈی کی وارننگ

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان مونتھا اور بحیرہ عرب پر بننے والے گہرے دباؤ کے باعث ملک کا ایک بڑا حصہ اگلے 4 سے 5 دنوں تک بارش سے متاثر ہوگا، جبکہ دہلی-این سی آر میں سردی کا اثر بڑھ جائے گا

<div class="paragraphs"><p>گردابی طوفان مونتھا کے پیش نظر ساحل پر کی جا رہی کارروائیاں / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 خلیج بنگال میں اُٹھے سمندری طوفان مونتھا اور بحیرہ عرب پر بننے والے گہرے دباؤ نے نہ صرف جنوبی ہندوستان بلکہ شمالی ہندوستان میں بھی موسم کو پوری طرح تبدیل کر دیا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق ملک کا ایک بڑا حصہ اگلے 4 سے 5 دنوں تک بارش سے متاثر ہوگا۔ طوفان کی وجہ سے آندھرا پردیش، اوڈیشہ اور تمل ناڈو میں بارش اور تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کئی حصوں میں موسم اچانک بدل گیا ہے۔ اس کے اثرات چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، اتر پردیش، بہار اور دہلی- این سی آر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، دہلی-این سی آر کا موسم آج (28 اکتوبر 2025) قدرے سرد رہنے والا ہے اور دن کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی، جبکہ پیر کو بھی دہلی میں دھوپ نہیں نکلی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے کی وجہ سے موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ آج منگل کو بھی آسمان ابر آلود رہے گا اور دہلی-این سی آر کے کئی حصوں میں ہلکی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ سمندری طوفان ’مونتھا‘ کی وجہ سے اتر پردیش میں بھی موسم کافی بدل گیا ہے۔ پیر کی شام سے ہی کئی حصوں میں بارش ہو رہی ہے۔ پیر کے روز تقریباً پورا دن آسمان ابر آلود رہا جس کی وجہ سے رات کے وقت موسم بھی بدل گیا اور لوگ کمبل، لحاف میں گھسنے پر مجبور ہو گئے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو مغربی اور مشرقی اتر پردیش کے کئی حصوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے جب کہ مغربی اتر پردیش میں 29 اکتوبر کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران مشرقی اتر پردیش میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح 30 اکتوبر کو مغربی اتر پردیش میں کچھ مقامات پر اور مشرقی اتر پردیش میں کئی مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح مدھیہ پردیش میں بھی اچانک موسم بدل گیا ہے۔ بحیرہ عرب سے پیدا ہونے والی والی سرگرمیوں کے باعث کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو 10 سے زائد اضلاع میں بارش ہوئی۔ شیوپور میں 9 گھنٹے میں 2 انچ سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دتیا میں تقریباً 1 انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایسا ہی موسم آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی حصوں میں 28 سے 30 اکتوبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔


دوسری طرف بہار کے موسم میں بھی بڑی تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ خلیج بنگال میں فعال سمندری طوفان ’مونتھا‘ اب ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلے میں پٹنہ موسمیاتی مرکز نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہفتے کئی علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بھاری بارش کا امکان ہے۔ بارش کے ساتھ ساتھ کم سے کم درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔