خلیج بنگال کا گہرا ڈپریشن طوفان ’دِتوا‘ میں بدلا؛ ’سینیار‘ بھی فعال، موسمی خطرے کا الرٹ جاری

خلیجِ بنگال میں بنا گہرا ڈپریشن گردابی طوفان ’دِتوا‘ میں بدل گیا ہے، جبکہ ایک اور گردابی طوفان ’سینیار‘ کا کمزور نظام بھی فعال ہے۔ دونوں کے مشترکہ اثر سے جنوبی ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جنوبی ہندوستان کے ساحلی علاقوں کے لیے موسم ایک بار پھر تشویش ناک بنتا جا رہا ہے، کیونکہ خلیج بنگال میں بنا گہرا ڈپریشن سائیکلون ’دِتوا‘ میں تبدیل ہو گیا ہے، جبکہ ایک اور گردابی طوفان ’سینیار‘ بھی فعال ہے، اس صورت حال کے سبب خطہ میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان دونوں طوفانوں کا مشترکہ اثر تمل ناڈو، آندھرا پردیش، کیرالہ، تلنگانہ، جنوبی کرناٹک اور انڈمان نکوبار کے کئی علاقوں میں وسیع بارش کا سلسلہ پیدا کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، خلیجِ بنگال میں بنا گہرا دباؤ جمعرات کو مزید منظم ہو کر سائیکلون دِتوا میں تبدیل ہو گیا، جس کے بعد محکمہ موسمیات نے پری سائیکلون الرٹ جاری کیا ہے۔ اس طوفان کا رخ شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی آندھرا پردیش کی طرف ہے، جہاں 30 نومبر تک انتہائی خراب موسم کی وارننگ برقرار ہے۔ تمل ناڈو میں 27 سے 30 نومبر تک بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے، جب کہ 28 اور 29 نومبر کو کچھ اضلاع میں انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔


محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق جنوبی آندھرا پردیش اور رائلسیما کے علاقوں میں 28 نومبر سے یکم دسمبر تک بارش میں نمایاں اضافہ ہوگا اور 30 نومبر کو بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ کیرالہ میں 27 سے 29 نومبر تک تیز بارش کے امکانات ہیں، جبکہ تلنگانہ میں 30 نومبر اور یکم دسمبر کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جنوبی کرناٹک میں 29 نومبر کو موسم اچانک تبدیل ہو کر تیز بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تمل ناڈو، کیرالہ، ساحلی آندھرا پردیش، کرناٹک اور انڈمان نکوبار میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ انڈمان میں 27 سے 29 نومبر تک 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف، پہلے سے سرگرم گردابی طوفان سینیار اس وقت ملکّا اسٹریٹ کے اوپر ایک کمزور ڈپریشن کی صورت میں موجود ہے۔ اس کی رفتار تقریباً 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ مسلسل مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اگرچہ طوفان کافی کمزور ہو چکا ہے لیکن ماہرین کے مطابق اس کا بچا ہوا نظام دِتوا کے ساتھ مل کر جنوبی ہند میں بارش کے سلسلے کو وسیع اور طاقتور بنا دے گا۔


اس دوران سری لنکا شدید موسمی اثرات کی زد میں ہے، جہاں کولمبو اور دیگر علاقوں میں مسلسل بارش، لینڈ سلائیڈز اور سیلاب نے صورتحال خطرناک بنا دی ہے۔ ملک میں گزشتہ تین دن سے جاری بارشوں کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ آج پورے جزیرے میں اسکول، کالج اور ادارے بند رہے، جب کہ مہاولی ریور بیسن اور دیگر نچلے علاقوں میں شدید سیلاب کا الرٹ جاری ہے۔ کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ خراب موسم کی وجہ سے سری لنکا آنے والی پروازوں کو تریویندرم یا کوچی کی طرف ڈائیورٹ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سات اضلاع میں سرخ الرٹ نافذ ہے۔

خلیجِ بنگال کے جنوب مغرب میں بنا یہی گہرا ڈپریشن، جو بعد میں دِتوا بنا، اس وقت تیزی سے سری لنکا کے ساحلوں اور پھر شمالی تمل ناڈو کی سمت بڑھ رہا ہے، جس سے خطے کے موسم کے مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔