بوریوی طوفان: تمل ناڈو اور کیرالہ میں ریڈ الرٹ، پروازیں منسوخ، تعطیل کا اعلان

جنوبی ہند کے سمندر پر اس وقت گردابی طوفان ’بوریوی‘ کا خطرہ منڈلا رہا ہے، یہ طوفان آج کیرالہ اور تمل ناڈو کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے

تمل ناڈو اور کیرالہ میں طوفان بوریوی کے پیش نظر ریڈ الرٹ / تصویر آئی اے این ایس
تمل ناڈو اور کیرالہ میں طوفان بوریوی کے پیش نظر ریڈ الرٹ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چنئی / ترواننت پورم: جنوبی ہند کے سمندر پر اس وقت گردابی طوفان ’بوریوی‘ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ یہ طوفان آج کیرالہ اور تمل ناڈو کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تاہم گردابی طوفان بوریوی اب قدرِ کمزور ہو کر کم دباؤ کے علاقہ میں تبدیل ہو گیا ہے۔

تمل ناڈو کے پامبن اور توتیکورین کے بیچ بوریوی کے دوپہر کے وقت ٹکرانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے پیش نظر تمل ناڈو اور جنوبی کیرالہ میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ دریں اثنا، جنوبی ہند کے متعدد ہوائی اڈوں پر پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مدورائی ایئرپورٹ پر دوپر 12 بجے تک فضائی خدمات معطل کی گئی ہیں، جبکہ توتیکورین سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔


کیرالہ کے ترواننت پورم ایئرپورٹ پر بھی 10 بجے سے شام 6 بجے تک تمام پروازوں کو گردابی طوفان کے سبب معطل کیا گیاہ ے۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کمپنیوں کو طیارہ خدمات کو ری شیڈیول کرنے کے لئے کہا گیا ہے، تاکہ مسافروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، تاہم ہنگامی حالات کے لئے ہوائی اڈے کھلے رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح 5.30 بجے رامناتھاپورم ساحل کے ارد گرد خلیجِ منار کے اوپر کم دباؤ کا علاقہ پایا گیا ہے۔ یہ عملی طور پر مستحکم تھا، جو راماناتھاپورم سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ پامبن سے ان سی پوزیشن 70 کلومیٹر مشرق جنوب مشرق ہے۔ یہاں 55-65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ساسل تک پہنچتے پہنچتے ہوا کی رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔


گردابی طوفان کے پیش نظر حکومت تمل ناڈو نے 6 اضلاع میں عوامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق کنیاکماری، ترونیولی، تینکاسی، راماناتھاپورم، ویرودھونگر اور توتیکورین میں عوامی تعطیل رہے گی۔ ان تمام اضلاع میں جمعہ کے روز بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ادھر، کیرالہ میں بھی بریوی طوفان اور بھاری بارش کے خدشہ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے پانچ اضلاع (ترو اننت پورم، ایرناکولم، پتھان متھیٹا، الپوجھا اور اڈوکی) میں جمعہ کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور تمام امتحانات منسوخ کر دئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2020, 11:22 AM