گردابی طوفان سرگرم، دہلی، اتر پردیش اور بہار میں بدلے گا موسم، فوج کو الرٹ کر دیا گیا

محکمہ موسمیات کی جانب سے آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ اور جالون میں آج بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حمیر پور، مہوبہ، جھانسی، اور للت پور میں بھی بارش متوقع ہے۔

تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

خلیج بنگال کے اوپر بننے والے حالات 24 گھنٹوں کے اندر گردابی طوفان کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے اندر اس کے شدید سمندری طوفان ’مونتھا‘ میں تبدیل ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس وقت طوفان کا مرکز پورٹ بلیئر سے 620 کلو میٹر اور چنئی سے 780 کلو میٹر جنوب مشرق میں ہے۔ ’مونتھا‘ کی وجہ سے آندھرا پردیش، تلنگانہ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ اور تمل ناڈو میں 27 سے 30 اکتوبر تک بھاری سے بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ ان حالات کے پیش نظر فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں آئندہ 3 دنوں کے دوران موسم بدلنے کا امکان ہے۔ مغربی ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے 27 اور 28 اکتوبر کو شام یا رات میں ہلکی بوندا باندی یا بارش متوقع ہے جب کہ 29 اکتوبر کو موسم جزوی طور پر صاف رہے گا۔


اتر پردیش میں بھی موسم کے مزاج میں تبدیلی نظر آئے گی۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں 27 اکتوبر سے آئندہ 4 دنوں کے لیے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آج( پیر) ریاست کے مغربی اور مشرقی حصوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ دونوں علاقوں میں رات گئے اور صبح سویرے دھند بھی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 28  اکتوبر کو ریاست کے مغربی اور مشرقی حصوں میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ دونوں علاقوں میں رات گئے اور صبح سویرے دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ اور جالون میں آج بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حمیر پور، مہوبہ، جھانسی، اور للت پور میں بھی بارش متوقع ہے۔


واخ رہے کہ خلیج بنگال کے سمندری طوفان کا اثر بہار تک پہنچے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق بہار میں 29 اور 31 اکتوبر کے درمیان ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ کچھ اضلاع جیسے گیا، بھاگلپور، پٹنہ، مظفر پور میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ ترین مغربی ڈسٹربنس 27 اکتوبر سے مغربی ہمالیائی خطہ بشمول جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کو بھی متاثر کرے گا۔ اتراکھنڈ میں 27 سے 29 اکتوبر تک ہلکی بارش متوقع ہے جس سے سردی بڑھنے کی امید ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔