نئے صدر کے انتخاب تک سونیا گاندھی ہی کانگریس کی صدر رہیں گی

سی ڈبلو سی میں کہا گیا کہ چیلنج کے اس دور میں حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور اسکی تقسیم کرنے کی پالیسی اور گمراہ کن تشہیر کا پردہ فاش کرنا ضروری ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کانگریس کے اعلی ترین پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلو سی) نے پارٹی کی عبوری صدر محترمہ سونیا گاندھی کو کورونا وبا اور ملک میں موجود کئی دیگر بحران کے پیش نظر کانگریس اجلاس میں نئے لیڈر کا انتخاب ہونے تک عہدہ پر رہنے کی درخواست کی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے ی وینوگوپال اور محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والے نے سات گھنٹے چلی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کے اعلی ترین ادارہ نے محترمہ گاندھی سے نئے صدر کے انتخابات تک پارٹی کی قیادت کرنے کی ایک آواز میں درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ورکنگ کمیٹی نے اس کا بھی نوٹس لیا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر غور و خوض میڈیا کے ذریعہ یا عوامی پلیٹ فارم پر نہیں کیا جاسکتا ہے۔ کمیٹی نے تمام کارکنان اور لیڈروں کو پارٹی سے متعلق امور پارٹی پلیٹ فارم پر رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ تنظیم میں نظم و ضبط برقرار رہے۔ سی ڈبلیو سی کانگریس صدر کو اس کا اختیار دیتی ہے کہ مذکورہ چیلنجوں کو حل کرنے کیلئے ضروری تنظیمی تبدیلی کے اقدامات کریں۔


انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں کانگریس کی صدر کی طرف سے جنرل سکریٹری۔تنظیم کے سی وینو گوپال کو لکھے خط اور کچھ دیگر لیڈروں کی طرف سے پارٹی قیادت کو تحریر کردہ خط کا نوٹس لیا گیا جس پر کمیٹی میں غور و خوض کیا گیا۔

مسٹر وینوگوپال اور مسٹر سرجے والا نے کہاکہ کمیٹی نے ان خطوط پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا اور تفصیلی بات چیت کے بعد فیصلہ کیا کہ چھ مہینہ میں ملک کورونا وبا، تیزی سے گرتی معیشت اور اقتصادی بحران، روزگار کا نقصان اور بڑھتی غریبی نیز چین کی دراندازی اور قبضہ کی ہمت جیسے بحران کا شکار ہے۔


انہوں نے کہا کہ چیلنج کے اس دور میں حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور اسکی تقسیم کرنے کی پالیسی اور گمراہ کن تشہیر کا پردہ فاش کرنا ضروری ہے اور اس کے لئے سب سے طاقتور آواز محترمہ گاندھی او ر مسٹر راہل گاندھی کی ہے۔

کانگریس کے لیڈروں نے کہاکہ مہاجر مزدوروں کے مسائل پر محترمہ گاندھی کے سٹیک سوالات نے بی جے پی حکومت کی جوابدہی یقینی کی ہے۔ ان کی قیادت نے اعلی عہدہ پر فائز لوگوں کو جھنجھوڑا بھی اور حقیقت کا آئینہ بھی دکھایا۔


انہوں نے کہاکہ مسٹر راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت کے خلاف عوام کی لڑائی کی مضبوطی سے قیادت کی۔ کانگریس کے عام کارکنان کی خواہش کی عکاسی کرتے ہوئے ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ نے محترمہ گاندھی اور مسٹر راہل گاندھی کے ہاتھوں اور کوششوں کو مضبوط کرنے کا عزم کرتے ہوئے رخواست کی کہ محترمہ گاندھی کو ہی پارٹی کی قیادت کرتے رہنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔