جموں و کشمیر: کشتواڑ میں ایک ہفتہ بعد دن کے کرفیو سے راحت

کشتواڑ میں منگل کے روز دن کا کرفیو مکمل طور پر ہٹایا گیا تاہم رات کا کرفیو اور دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقرار رہے گی۔

تصویر سوش میڈیا
تصویر سوش میڈیا
user

یو این آئی

جموں: کشتواڑ میں منگل کے روز دن کا کرفیو مکمل طور پر ہٹایا گیا تاہم رات کا کرفیو اور دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقرار رہے گی۔

قصبہ میں 9 اپریل کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لیڈر چندر کانت سنگھ اور اُن کے ذاتی محافظ کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد کرفیو نافذ کیا گیا تھا اور فوج تعینات کی گئی تھی۔ قصبہ میں ایک ہفتے تک کرفیو نافذ رہا، تاہم گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کچھ گھنٹوں کی ڈھیل دی گئی۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ صورتحال میں بہتری واقع ہونے کے پیش نظر منگل کی صبح چھ بجے سے کشتواڑ اور ملحقہ علاقہ جات سے دن کا کرفیو ہٹایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز دوپہر 12 بجے سے سہہ پہر 3 بجے تک اور بعد ازاں 5 بجے سے ساڑھے چھ بجے تک کرفیو میں ڈھیل کے دوران صورتحال پُر امن رہی جس کے پیش نظر منگل کے روز دن کے کرفیو کو ہٹانے کا فیصلہ لیا گیا۔

ذارئع نے بتایا کہ تاہم لوگوں کے ایک گروپ نے پیر کے روز قصبے میں آر ایس ایس لیڈر کے قاتلوں کے خلاف کارروائی کرنے کے مطالبے کو لے کر پر امن احتجاج کیا، سینئر سیول اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی منتشر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاطی طور پر قصبہ کے حساس علاقوں میں پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری تعنات رہے گی تاکہ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔

دریں اثنا بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدام کریں اورآرایس ایس لیڈر کے قتل میں ملوثین کی گرفتاری کو بھی فوری طور یقینی بنائیں۔ ادھر پولیس نے آر ایس ایس لیڈر اور ان کے ذاتی محافظ کے قتل کے سلسلے میں کئی افراد کو گرفتار کیا ہے اور اُس کار کو بھی ضبط کیا گیا ہے جس کا حملے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس نے کار کے مالک زاہد حسین ، جو فرار ہے، کے فوٹو کو بھی مشتہر کیا ہے۔

بتادیں دیں کہ کشتواڑ پارلیمانی حلقہ انتخاب ادھم کا حصہ ہے جہاں 18 اپریل کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یہ کشتواڑ میں گذشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قصبہ کشتواڑ میں یکم نومبر 2018 ء کو نا معلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے ریاستی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔

پولیس نے بھاجپا ریاستی سکریٹری اور ان کے بھائی کی ہلاکت کے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کے قتل کے لئے جنگجوﺅں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔