راجستھان: مال پورہ میں وجے دشمی کے جلوس پر پتھراؤ کے بعد کرفیو نافذ، انٹرنیٹ خدمات بند

گزشتہ شام وجے دشمی کے جلوس پر شرپسند عناصر نے اس وقت پتھراؤ شروع کر دیا تھا جب ایک خاص طبقہ کے لوگ جلوس میں شامل لوگوں کا پرخلوص استقبال کر رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے مال پورہ قصبہ میں 8 ستمبر کی شام اس وقت ماحول انتہائی کشیدہ ہو گیا جب وجے دشمی کے جلوس پر کچھ سماج دشمن عناصر نے پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس پتھراؤ کی وجہ سے حالات اتنے خراب ہو گئے کہ انتظامیہ کو فوری قدم اٹھاتے ہوئے منگل کی شب 12 بجے کے بعد سے ہی سبھی کمپنیوں کی انٹرنیٹ خدمات کو آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے پوری طرح بند کر دیا گیا۔ ضلع انتظامیہ نے مال پورہ میں بدھ کی علی الصبح 6 بجے سے آئندہ اعلان تک کرفیو نافذ کرنے کا بھی اعلان کر دیا تاکہ کسی طرح کا ناخوشگوار واقعہ سرزد نہ ہو۔

دراصل گزشتہ شام وجے دشمی کے جلوس پر شرپسند عناصر نے اس وقت پتھراؤ شروع کر دیا تھا جب ایک خاص طبقہ کے لوگ جلوس میں شامل لوگوں کا پرخلوص استقبال کر رہے تھے۔ پتھراؤ کے بعد جلوس میں بھگدڑ مچ گئی جسے موقع پر موجود پولس و انتظامیہ افسران نے کسی طرح قابو میں کیا۔ سرکاری عملہ نے کسی طرح عقیدتمندوں کو دسہرا میدان تک پہنچایا اور خبروں کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 4.30 بجے ہی راون کو نذرِ آتش کرنے کا عمل بھی مکمل کرا دیا گیا۔


بتایا جاتا ہے کہ راون کو جلاتے وقت لوگ کسی طرح کا ہنگامہ یا فساد برپا نہ کریں، اس کے پیش نظر پورے دسہرا میدان کو سیکورٹی فورسز نے اپنے حصار میں لے لیا تھا۔ بعد ازاں کلکٹر کے کے شرما اور ایس پی آدرش سدھو کی موجودگی میں پالیکا اہلکاروں کے ذریعہ راون کو جلایا گیا۔ بعد ازاں 6 بجے سے مال پورہ میں کرفیو نافذ کیا گیا تاکہ شر پسند عناصر کسی بھی طرح ہم آہنگی کی فضا کو زہر آلود نہ کر سکیں۔

پولس و انتظامیہ نے احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے بوقت صبح قصبے میں اخباروں کی تقسیم پر بھی روک لگا دی اور روڈویز بسوں سے پہنچے اخباروں کے بنڈلوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ حالات کو بے قابو ہونے سے بچانے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں کے درمیان اس وقت مشکلیں درپیش آئیں جب مال پورہ سے بی جے پی رکن اسمبلی کنہیا لال چودھری کی قیادت میں کچھ لوگوں نے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور پتھراؤ کرنے والے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ان لوگوں نے دسہرا میدان اور بعد میں پولس تھانہ کے باہر دھرنا و مظاہرہ شروع کر دیا۔ اس احتجاج سے حالات بے قابو ہوتے ہوئے نظر آ رہے تھے، لیکن کلکٹر کے کے شرما، پولس سپرنٹنڈنٹ آدرش سدھو اور آئی جی (اجمیر) سنجیو کمار نرجری نے مال پورہ پہنچ کر لوگوں کو خاموش کیا۔


تازہ ترین خبروں کے مطابق اس وقت افسران مال پورہ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پورے قصبے میں پولس، آر اے سی اور فساد پر کنٹرول کرنے والے فورس کے جوانوں کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ ایس پی سدھو کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر مشتبہ لوگوں کی شناخت اور ان کی گرفتاری کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2019, 10:05 AM