خام تیل کے دام 7 سال کی بلند ترین سطح پر، حوثی باغیوں کے یو اے ای پر حملہ اور یوکرین تنازعہ کا اثر

جغرافیائی سیاسی انتشار نے توانائی کی سخت فراہمی پر خدشات کو بڑھا دیا ہے، جس کے سبب لگاتار چھٹے ہفتہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا

تیل قیمتیں ہر روز نیا ریکارڈ بنا رہی ہیں
تیل قیمتیں ہر روز نیا ریکارڈ بنا رہی ہیں
user

قومی آوازبیورو

ویانا: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 7 سال کی بلند ترین سطح پر آگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جغرافیائی سیاسی انتشار نے توانائی کی سخت فراہمی پر خدشات کو بڑھا دیا ہے، جس کے سبب لگاتار چھٹے ہفتہ قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ عالمی منڈی میں خام تیل کے ساتھ گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رحجان جاری ہے، دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 91 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس کروڈ کی قیمت 1.05 ڈالر اضافے سے 87.66 ڈالر فی بیرل ہوگئی، تیل کی قیمتوں پر سیاسی خطرات اور سپلائی میں کمی کے اثرات پڑے۔ عالمی منڈی میں گیس کی قیمت میں 11 فیصد اضافہ ہو گیا، دوران ٹریڈنگ فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت 4 ڈالر 76 سینٹس ہو گئی۔


پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک میں بڑے پروڈیوسرز (اوپیک) اور روس کی قیادت والے اتحاد، جسے اجتماعی طور پر اوپیک پلس کے نام سے جانا جاتا ہے، اپنی پیداوار کی سطح کو بڑھانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور بازار پر یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر حملوں کا بھی اثر نظر آ رہا ہے۔

تیل قیمتوں میں اضافہ یوکرین میں ممکنہ فوجی تنازعہ کے خدشات کی وجہ سے بھی ہو رہا ہے، جس کے سبب توانائی کی منڈیوں، خاص طور پر یورپ کو قدرتی گیس کی فراہمی میں خلل پڑ سکتی ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔