’میں نے لاک ڈاؤں کی خلاف ورزی کی ہے، مجھ سے دور رہو‘ پولیس نے کی مزدور کے ساتھ بربریت

پولیس کی بربریت یوں تو ہر ریاست میں نظر آرہی ہے لیکن بی جے پی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کچھ زیادہ ہی ظالم نظر آ رہی ہے، جس نے بالی ووڈ کی فلموں کی طرز پر ایک مزدور کے ماتھے پر اس کا جرم لکھ دیا!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کو روکنے کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران اہم شہروں میں ملازمت کی تلاش میں گئے ہوئے خاندان اب افرا تفری کے ماحول میں اپنے گاؤں واپس لوٹ رہے ہیں۔ حالات کی مار برداشت کر کے اپنے گھروں تک پہنچے والے ان مجبور افراد کی پریشانی کسی طرح کم نہیں ہو رہی ہے اور پولیس بھی انہیں طرح طرح سے پریشان کر رہی ہے اور سزا کے نئے نئے طریقہ استعمال کر رہی ہے۔ کہیں ڈنڈے چل رہے ہیں، کہیں مرغا بنایا جا رہا ہے تو کہیں کسی اور طریقہ سے سزا دی جا رہی ہے۔


پولیس کی بربریت یوں تو ہر ریاست میں نظر آتی ہے لیکن مدھیہ پردیش میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد پولیس کچھ زیادہ ہی ظالم نظر آ رہی ہے، جس نے بالی ووڈ کی فلموں کی طرز پر ایک مزدور کے ماتھے پر اس کا جرم تحریر کر دیا!

یہ المناک واقعہ مدھیہ پردیش کے بندیل کھنڈ کے چھتر پور علاقہ میں رونما ہوا، جہاں ریاستی پولیس کی بے حسی منظر عام پر آ گئی۔ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے الزام میں ایک مہاجر مزدور کو پولیس نے دھر دبوچا، جو اتر پردیش کے راستے چھتر پور پہنچا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے اس مزدور کو بیچ چوراہے پر بٹھایا اور اس کے ماتھے پر اس کا جرم لکھ دیا۔ ایسی حرکت ایک خاتون پولیس اہلکار کی ہے اس نے مزدورر کے ماتھے پر لکھا ’’میں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی ہے، مجھ سے دور رہو۔‘‘


یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس نے پولیس کی بے حسی کو بے نقاب کر دیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس انتظامیہ میں ہلچل پیدا ہو گئی۔ اس معاملے کے طول پکڑنے کے بعد ضلع کے ایس پی کو منظرعام پر آنا پڑا اور ملزم پولیس افسر پر کارروائی کی بات کہی۔ اس معاملے پر کافی بدنامی ہونے کے بعد ضلع کے ایس پی کمار سوربھ نے بھی اس واقعہ کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزم خاتون پولیس اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں کام کرنے کے لئے گئے مہاجر مزدور بحران کے شکار ہیں اور مجبوری میں اپنے گاؤں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔ یہ لوگ جلد از جلد اپنے گھر واپس جانا چاہتے ہیں لیکن کوئی ذریعہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مزدور پیدل ہی اپنے گھروں کی طرف سفر کر رہے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں سے مزدوروں کی اجتماعی نقل مکانی ایک سنگین اور بڑے چیلنج کی شکل اختیار کر گیا ہے اور انتظامیہ اور حکومتیں بے بس نظر آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔