لاک ڈاؤن کے باوجود گجرات میں کورونا انفیکشن کی رفتار تیز، آسام کی بھی حالت بری

ہندوستان میں کورونا کا قہر گھٹنے کی جگہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس وبا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا لیکن پھر بھی اس کی رفتار کم ہونے کی جگہ تیزی سے بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پوری دنیا کورونا کے قہر سے پریشان ہے اور ہندوستان بھی لگاتار کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں کی وجہ سے بے حال ہوا جا رہا ہے۔ اس وبا کو کم کرنے کے لیے ہندوستان میں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا اور اس لاک ڈاؤن کے 67 دن گزر جانے کے بعد اس کی رفتار کم ہونے کی جگہ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ہر دن تقریباً 7 ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاستیں مہاراشٹر، دہلی، گجرات اور مدھیہ پردیش ہیں۔ لیکن آسام میں بھی انفیکشن تیزی کے ساتھ بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ آسام میں گزشتہ تین دن میں معاملے دوگنے ہو گئے ہیں۔ آسام میں ہفتہ کے روز کورونا کے 159 نئے معاملے سامنے آئے۔ اسی کے ساتھ ریاست میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1200 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ آسام میں کورونا کی وجہ سے 4 لوگوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔

ہندوستان میں سب سے زیادہ کورونا کے معاملے مہاراشٹر میں ہیں، لیکن 'جن ستّا' کی خبر کے مطابق گجرات میں معاملوں کے دوگنے ہونے کی رفتار سب سے تیز ہے۔ گجرات میں 27.13 فیصد کی شرح سے معاملے ڈبل ہو رہے ہیں۔ ریاست میں ابھی تقریباً 16 ہزار مریض سامنے آ چکے ہیں اور 980 لوگوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔ گجرات کے علاوہ تمل ناڈو میں بھی معاملے تیزی کے ساتھ دوگنے ہو رہے ہیں۔ تمل ناڈو میں 15.57 فیصد کی شرح سے معاملے ڈبل ہو رہے ہیں۔ اس معاملے میں تیسرے نمبر پر مہاراشٹر ہے جہاں 14.67 فیصد کی شرح سے کیسز ڈبل ہو رہے ہیں۔ مغربی بنگال اور بہار میں ڈبل ہونے کی شرح بالترتیب 13.35 اور 11.13 فیصد ہے۔


ویسے تو ملک میں کورونا کا اثر سب سے زیادہ مہاراشٹر میں ہے۔ یہاں اب تک 65 ہزار سے زیادہ لوگ کورونا انفیکشن کے شکار ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹے میں 99 نئی اموات کے ساتھ مہاراشٹر میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 2197 ہو گئی ہے۔ ریاست میں گزشتہ دو ہفتوں سے روزانہ تقریباً دو ہزار نئے کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی کورونا کے نئے معاملوں کا ہر دن نیا ریکارڈ بن رہا ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک بار پھر کورونا کے ریکارڈ 8380 مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ 193 اموات بھی ہوئی ہیں۔ یہ لگاتار دوسرا دن ہے جب ملک میں نئے کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہزار سے زیادہ دیکھنے کو ملی ہے۔ ہندوستان میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 82 ہزار 143 تک پہنچ گئی ہے اور مہلوکین کی تعداد 5164 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔