’کووڈ-19 پازیٹو مسلمان دہشت گرد ہیں، انھیں مار دینا چاہیے‘

مسلمانوں اور تبلیغی جماعت اراکین سے متعلق کانپور میڈیکل کالج کی پرنسپل نے انتہائی نازیبا کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قصداً کورونا انفیکشن پھیلانے کا عمل انجام دے رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانپور واقع جی ایس وی ایم میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر آرتی لال چندانی کا ایک متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ مسلمانوں اور تبلیغی جماعت اراکین کے لیے نازیبا کلمات ادا کر رہی ہیں۔ اس ویڈیو میں ڈاکٹر آرتی لال چندانی نہ صرف تبلیغی جماعت والوں کو دہشت گرد ٹھہرا رہی ہیں، بلکہ انھیں مار ڈالنے جیسی باتیں بھی کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔


وائرل ویڈیو میں ڈاکٹر آرتی مشورہ دیتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ کورونا انفیکشن میں مبتلا جماعتیوں کو جیل میں بند کر دیا جانا چاہیے اور میں وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے بات کروں گی کہ ان مسلمانوں (تبلیغی جماعت اراکین) کو جنگل میں ڈال دیا جانا چاہیے۔ تبلیغی جماعت اراکین پر انھوں نے قصداً کورونا انفیکشن پھیلانے کا الزام بھی ویڈیو میں عائد کیا۔ ڈاکٹر آرتی نے ساتھ ہی ان لیڈروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو تبلیغی جماعت اراکین کی حمایت میں کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے ہی لوگ مرکز کے لوگوں کو اسپتال میں داخل کرا رہے ہیں۔

ویڈیو میں مسلمانوں اور تبلیغی جماعت اراکین کے خلاف ڈاکٹر آرتی انتہائی نازیبا اور غیر آئینی باتیں کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، حالانکہ جب ان سے اس ویڈیو کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ کسی نے پھنسانے کے لیے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو کافی پرانا ہے لیکن اب اچانک وائرل ہو جانے کی وجہ سے ڈاکٹر آرتی کے لیے پریشانیاں کھڑی ہو گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jun 2020, 6:11 PM