مالیگاؤں دھماکہ: عدالت نے اے ٹی ایس افسر کے خلاف وارنٹ جاری کیا

اس سے قبل خصوصی جج اے کے لاہوتی نے ستمبر میں ایک اور اے ٹی ایس افسر کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، جس نے اس معاملے میں کچھ ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر سے جڑے 2008 کے مالیگاوں دھماکہ معاملے کی سماعت کررہی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک خصوصی عدالت نے بدھ کے روز انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے ایک افسر کے خلاف عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیا ۔

عدالت کی ہدایت کے مطابق گواہوں کے نام ظاہر نہیں کیے جا سکتے۔ اس معاملے میں یہ دوسرا اے ٹی ایس افسر ہے جس کے خلاف عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔


اس سے قبل خصوصی جج اے کے لاہوتی نے ستمبر میں ایک اور اے ٹی ایس افسر کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، جس نے اس معاملے میں کچھ ملزمین کو گرفتار کیا تھا اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے تھے۔ وہ اس کیس میں گواہ بھی ہیں۔

سرکاری وکیل اویناش رسل کے مطابق عدالت نے جس افسر کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے اس نے مختلف گواہوں کے بیانات قلمبند کیے تھے، جن میں سے کچھ اپنے بیان سے مُکر گئے تھے۔ اس لیے ان کی عدالت میں حاضری ضروری تھی۔


انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا تھا کہ افسر کی طبیعت ناساز ہے اس لیے وہ عدالت نہیں آسکتے تھے۔ اس کیس میں اب تک 280 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں جن میں سے 29 گواہان اپنی بات سے مُکر گئے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔