انل امبانی گروپ دھوکہ دہی کیس: سی بی آئی اورای ڈی سے سیل بند اسٹیٹس رپورٹ طلب

انصاف کے مفاد میں، عدالت نے ادارے کو آخری موقع دیتے ہوئے نیا نوٹس جاری کیا اور بمبئی ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو نوٹس کی تعمیل کرانے کی ہدایت دی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

یو این آئی

سپریم کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو ہدایت دی ہے کہ وہ انل دھیروبھائی امبانی گروپ اور اس کے پروموٹر انل امبانی کی کمپنیوں سے متعلق مبینہ بینک دھوکہ دہی کے کیس میں جاری تحقیقات کی صورتحال سے متعلق رپورٹ سیل بند لفافے میں پیش کریں۔

چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئمالیہ باگچی پر مشتمل بینچ نے سابق مرکزی سکریٹری ای اے ایس شرما کی جانب سے دائر مفادِ عامہ کی درخواست(پی آئی ایل) پر جمعہ کو سماعت کے بعد یہ ہدایت جاری کی۔ درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن کا موقف تھا کہ اس گروپ کی کمپنیوں پر واجب الادا 15 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کے قرضوں کو مبینہ طور پر معاف کر دیا گیا اور کئی فرضی اداروں کے ذریعہ رقم کا غبن کیا گیا۔ انہوں نے اسے ’’ملک کا سب سے بڑا بینک لون اسکینڈل‘‘ قرار دیا۔


پرشانت بھوشن نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سال 18 نومبر کو نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود انل امبانی گروپ کے ادارے اور انل امبانی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی بڑے پیمانے پر رپورٹنگ ہوئی ہے، اس لیے ایسا نہیں ہے کہ وہ عدالتی کارروائی سے لاعلم ہیں۔ عدم پیشی کا نوٹس لیتے ہوئے بینچ نے مشاہدہ کیا کہ نوٹس کی تعمیل کے باوجود جواب دہندگان حاضر نہیں ہوئے۔ انصاف کے مفاد میں، عدالت نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے نیا نوٹس جاری کیا اور بمبئی ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو نوٹس کی تعمیل کرانے کی ہدایت دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔