میونسپل اسپتالوں میں بدانتظامی اور ادویات کی کمی، مریض باہر سے مہنگی دوا خریدنے پر مجبور، دیویندر یادو کا بی جے پی پر حملہ

دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے زیر انتظام اسپتالوں میں بدانتظامی اور ادویات کی شدید کمی کے سبب مریض مہنگی دوا باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کے نظام صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا صرف مرکزی قیادت کو خوش کرنے کے لیے نئے منصوبوں کا اعلان کر رہی ہیں لیکن دہلی کے شہریوں کی بنیادی صحت کی ضروریات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے کہا کہ دہلی کے اسپتالوں اور میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام اسپتالوں میں مریضوں کو بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ ہندو راؤ اسپتال، بالک رام اسپتال اور سوامی دیانند اسپتال میں ادویات کی کمی کی وجہ سے مریض مہنگی دوا باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کے زیر انتظام اسپتالوں میں نظام اتنا کمزور ہے کہ بی پی، اینٹی بایوٹک اور دل کے امراض کی ادویات بھی دستیاب نہیں۔ مریض طویل قطاروں میں انتظار کے بعد ڈاکٹر سے دوا کا نسخہ تو لے لیتے ہیں لیکن اسپتال میں دوا موجود نہیں ہوتی۔ موسمی تبدیلی کے بعد ڈینگی اور ملیریا جیسے امراض کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے انتظامات ناکافی ہیں۔ معلومات کے مطابق، میونسپل اسپتالوں میں یہ صورتحال گزشتہ چار ماہ سے جاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ مریضوں کی شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔ اسپتالوں کے دوا تقسیم مراکز میں شدید بدانتظامی ہے اور کاؤنٹر اچانک بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ میونسپل اسپتالوں کے ساتھ ساتھ ڈسپنسریوں کی حالت بھی خراب ہے۔ صحت کی سہولیات کے علاوہ اسپتالوں کی عمارتیں جُرز اور بنیادی ڈھانچہ خراب، عملے کی کمی، اور طبی آلات کی خرابیاں بھی سنگین مسائل ہیں۔ کچھ اسپتال خطرناک قرار دیے جانے کے باوجود فعال ہیں۔

دیویندر یادو نے کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر عملے کی کمی ہے، ریڈیولوجی کی زیادہ تر مشینیں خراب ہیں، لیبارٹری بند رہتی ہے اور ٹیسٹ کے لیے مریض کئی گھنٹے انتظار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن بدعنوانی کا گڑھ بن چکی ہے۔ فنڈز کی کمی کے باعث اسپتالوں میں انتظامات برباد ہیں اور دوا، ٹیسٹ اور عملے کی کمی کی وجہ سے مریض مشکلات میں ہیں۔ انتظامیہ ادویات دستیاب کرانے کی یقین دہانی کراتی ہے، لیکن بدعنوانی اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے دہلی کے شہریوں کو مشکلات اور اسپتالوں کی حالت میں بہتری کے لیے کوئی عملی کام نہیں ہو رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔