کورونا انفیکشن: ہندوستان کے 80 اضلاع میں 14 دن سے کوئی نیا مریض نہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 Apr 2020, 4:39 PM

ہندوستان کے 80 اضلاع میں 14 دن سے کوئی نیا مریض نہیں آیا سامنے: لو اگروال

وزارت صحت میں جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے آج میڈیا کے سامنے آ کر یہ خوشخبری دی کہ ہندوستان میں اب ایسے 80 اضلاع ہیں جہاں گزشتہ 14 دنوں سے کورونا انفیکشن کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ان 80 اضلاع میں سے 15 اضلاع تو ایسے ہیں جہاں گزشتہ 28 دنوں سے کورونا انفیکشن کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا ہے۔

24 Apr 2020, 3:39 PM

بلیٹ ٹرین پروجیکٹ ملتوی کرنے کی جگہ سرکاری ملازمین کے ڈی. اے. پر چلا دی گئی قینچی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکزی ملازمین اور پنشن حاصل کرنے والوں کے مہنگائی بھتے میں تخفیف کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کی جگہ حکومت کو لاکھوں کروڑ کے بلیٹ ٹرین منصوبہ اور وِسٹا حسن کاری منصوبہ کو روک کر اس کے پیسے کورونا کے خلاف جنگ میں لگانا چاہیے۔

24 Apr 2020, 3:07 PM

کشمیر: رمضان سے قبل سری نگر میں پسرا سناٹا، مسجدوں میں لٹکے تالے

کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کی وجہ سے سری نگر میں سناٹا پسرا ہوا ہے۔ رمضان کی آمد پر سری نگر کی جن مسجدوں میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو جاتی تھی، وہاں اب بالکل خاموشی چھائی ہوئی۔ کئی مسجدوں کے دروازے پر تالے لٹکے ہوئی دکھائی دے رہے ہیں۔


24 Apr 2020, 2:11 PM

اے ٹی ایم سے کورونا انفیکشن پھیلنے کی خبر سے لوگوں میں دہشت

کورونا انفیکشن پھیلنے سے متعلق ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق اے ٹی ایم سے بھی اس وائرس کا پھیلاؤ ہو سکتا ہے۔ گجرات کے وڈودرا میں 3 جوان کورونا انفیکشن کا شکار ہوئے اور بتایا جاتا ہے کہ تینوں نے ایک ہی اے ٹی ایم کا استعمال پیسہ نکالنے کے لیے کیا تھا۔ شروعاتی جانچ کے مطابق ایک اے ٹی ایم مشین سے تینوں جوانوں نے پیسے نکالے تھے اور بعد میں جب ان کا کورونا ٹیسٹ ہوا تو پازیٹو پائے گئے۔ اس خبر کے پھیلنے کے بعد لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔

24 Apr 2020, 1:40 PM

دہلی کے جگجیون رام اسپتال میں 7 اسٹاف کورونا پازیٹو

دہلی واقع جگجیون رام اسپتال میں 7 اسٹاف کورونا وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔ اس خبر سے اسپتال کے دیگر اسٹاف میں خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہندوستان کے مختلف اسپتالوں سے لگاتار ڈاکٹرس اور اسٹاف کے کووڈ-19 پازیٹو ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جو خوفزدہ کرنے والی ہیں۔


24 Apr 2020, 12:29 PM

ایل این جے پی اسپتال کے 4 مریضوں پر پلازما تھیراپی کر رہا اثر

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج ایک اچھی خبر یہ سنائی کہ پلازما تھیراپی کورونا وائرس کے مریضوں پر مثبت اثر دکھا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”ہم نے ایل این جے پی اسپتال کے 4 مریضوں پر پلازما کا ٹرائل کر کے دیکھا۔ اس کے اب تک کے نتیجے خوش آئند ہیں۔“

24 Apr 2020, 11:46 AM

کرناٹک: صحت اہلکاروں کے خلاف تشدد کے الزام میں گرفتار 2 افراد میں کورونا کی تصدیق

بنگلورو کے پڈرین پورہ میں صحت اہلکاروں کے خلاف تشدد کے الزام میں جن 121 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا، ان میں سے رام نگر جیل میں قید 2 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 2 ملزمین کو اب شہر کے وکٹوریا اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 119 دیگر ملزمین کو بنگلورو بھیجا جانا ہے۔


24 Apr 2020, 10:52 AM

جمعرات کو 128 کورونا کے نئے معاملے درج، اب تک 808 لوگ ہوئے صحت یاب

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو کل 128 کورونا کے نئے مریض سامنے آئے تھے اور اچھی بات یہ ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے۔ ستیندر جین کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز 84 لوگ اس انفیکشن سے نجات پا گئے اور اس طرح سے دہلی میں اب تک 808 لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دہلی میں کورونا پازیٹو مریضوں کی مجموعی تعداد 2376 ہو گئی ہے جن میں سے 23 مریض آئی سی یو میں ہیں جب کہ 8 مریضوں کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

24 Apr 2020, 10:10 AM

اٹلی میں کورونا انفیکشن سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25449 پہنچی

روم: عالمی وبا کورونا وائرس سے اٹلی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 25449 ہو گئی ہے۔ جمعرات کو یہاں کورونا وائرس کی وجہ سے 464 افراد ہلاک ہو گئے جس سے یہ تعداد بڑھ کر 25 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اٹلی میں کورونا وائر س کے 2646 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 106848 ہو گئی ہے جبکہ اٹلی میں کورونا کے مجموعی 57576 مریض صحت یا ب بھی ہوئے ہیں۔ واضح ر ہے کہ اٹلی میں گزشتہ 10 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے جو تین مئی تک نا فذ رہنے کی توقع ہے۔

(یو این آئی)


24 Apr 2020, 9:29 AM

ہندوستان میں ہلاکتوں کی تعداد 718 پہنچی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 37 اموات

کورونا وائرس انفیکشن سے ہندوستان میں ہلاکتوں کی تعداد 718 پہنچ گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 37 اموات ہوئی ہیں اور 1684 نئے پازیٹو معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس طرح سے مجموعی طور پر پازیٹو مریضوں کی تعداد 23 ہزار کو پار کرتے ہوئے 23077 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ 4749 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں اور 17610 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

24 Apr 2020, 8:41 AM

دہلی کے ایک اسپتال میں ڈاکٹر اور نرس سمیت 14 اسٹاف کورونا پازیٹو پائے گئے

قومی راجدھانی دہلی کے ایک سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر اور نرس سمیت 14 اسٹاف کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ اسپتال جہانگیر پوری میں ہے جہاں 14 طبی اہلکار کورونا کی زد میں آ گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جہانگیر پوری علاقہ پہلے سے ہی کورونا کا ہاٹ اسپاٹ بنا ہوا ہے اور یہاں سے کئی پازیٹو مریض سامنے آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔