کورونا کا قہر: 300 لوگ 2 گھنٹے میں بے روزگار، آئی ٹی سیکٹر میں 1.5 لاکھ ملازمتوں پر خطرہ

کورونا وائرس صرف انسانوں کی جان کی ہی دشمن نہیں ہے بلکہ اس نے لوگوں کے روزگار کو بھی ختم کرنا شروع کر دیا ہے۔ ‘فیئر پورٹل’ نامی ایک کمپنی نے تو 2 گھنٹے کی نوٹس پر 300 ملازمین کی چھٹی کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں اب تک 50 ہزار سے بھی زائد جانیں جا چکی ہیں اور ہندوستان میں بھی ہلاکتوں کی تعداد 50 کو پار کر چکی ہے۔ لیکن یہ وائرس صرف انسانوں کی جان کا ہی دشمن نہیں بنی ہوا ہے بلکہ اس نے روزگاروں کو ختم کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اب لوگوں کی ملازمتیں جا رہی ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ مہاراشٹر کے پونے میں دیکھنے کو ملا ہے جہاں ایک چھوٹی سی آئی ٹی کمپنی پر 6 لوگوں کو جبراً استعفیٰ لینے کا الزام لگا ہے۔ اس کے علاوہ ہندی نیوز پورٹل 'جن سَتّا' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ٹریول ٹیک فرم 'فیئر پورٹل' نے 300 ملازمین کی چھٹی کر دی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں آئی ٹی سیکٹر میں کئی ہزار لوگوں کی ملازمتیں جا سکتی ہیں۔ ایچ آر ایکسپرٹس اور آئی ٹی انڈسٹری پر گہری نظر رکھنے والوں کے مطابق آئندہ تین سے چھ مہینوں میں آئی ٹی سیکٹر کے 1.5 لاکھ لوگوں کی ملازمتوں پر خطرہ ہو سکتا ہے۔ حالانکہ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ مسئلہ چھوٹی آئی ٹی کمپنیوں میں زیادہ دیکھنے کو ملے گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ چھوٹی کمپنیاں اپنے بڑے کلائنٹس کے آرڈرس پر منحصر ہیں اور اگر کلائنٹ پر بحران کا اثر ہوتا ہے تو وہ بھی سیدھے طور پر اثرانداز ہوں گی۔


غور طلب ہے کہ ہندوستان میں آئی ٹی سیکٹر نے تقریباً 50 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا ہوا ہے۔ ان میں سے 10 سے 12 لاکھ لوگ چھوٹی کمپنیوں میں کام کرتے ہیں۔ آئی ٹی سیکٹر کی ٹاپ 5 کمپنیوں میں 10 لاکھ لوگ ملازمت کرتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا بحران کی وجہ سے کمپنیوں کے لیے پہلے کی طرح اپنے کاروبار کو چلانا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ پوری ٹریول اور ہاسپیٹلٹی انڈسٹری بحران کے دور سے گزر رہی ہے۔ مینوفیکچرنگ بھی تھم سی گئی ہے۔ یہاں تک کہ معروف ٹیک کمپنیوں ایپل اور مائیکرو سافٹ نے سرمایہ کاروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سہ ماہی میں ان کے ریزلٹ پر کورونا بحران کا اثر نظر آ سکتا ہے۔

آئی ٹی انڈسٹری کے ایک ایکسپرٹ نے 'منی کنٹرول' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "کئی ممالک میں لاک ڈاؤن کی حالت مئی تک بڑھ سکتی ہے۔ یہ غیر یقینی آنے والے وقت میں کمپنیوں کے فیصلوں کو متاثر کر سکتی ہے۔" فی الحال زیادہ تر کمپنیوں نے اس مشکل وقت میں اپنے ملازمین کو نہیں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ مستقبل میں حالات خراب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن اسی درمیان یہ بھی خبر ہے کہ کچھ چھوٹی کمپنیوں نے چھنٹنی شروع بھی کر دی ہے۔ گروگرام واقع ٹریول ٹیک کمپنی 'فیئر پورٹل' نے 300 ملازمین کی ایک ساتھ چھٹی کر دی ہے۔ لوگوں کو محض دو گھنٹے کے نوٹس پر ہی کمپنی نے نکال دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔