اتر پردیش میں کورونا کا قہر! جھانسی، بلیا اور بریلی کے بعد بستی جیل میں بھی 191 قیدی پازیٹو

کورونا انفیکشن کی وجہ سے اتر پردیش کو خطرناک صورت حال کا سامنا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ذریعہ 9 اگست کو کیے گئے کورونا ٹیسٹ کے بعد بستی ضلع جیل میں 191 قیدیوں کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

اتر پردیش میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے۔ حالات اتنے خراب ہے کہ ضلع جیلوں میں بند قیدی بھی اس وبا سے محفوظ نظر نہیں آ رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بستی ضلع جیل میں تقریباً 191 قیدیوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ نئے مریضوں کے بعد ریاست کی جیلوں میں کووڈ-19 سے انفیکشن والے قیدیوں کی کل تعداد 1379 ہو گئی ہے۔

ریاستی محکمہ صحت کی ٹیموں کے ذریعہ 9 اگست کو کیے گئے ٹیسٹ کے بعد بستی ضلع جیل کے کئی قیدیوں کی رپورپٹ پازیٹو آئی۔ اس وقت بستی ضلع جیل میں تقریباً 1400 قیدی بند ہیں۔ بستی کے چیف میڈیکل افسر اے کے گپتا نے پیر کی شب کہا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ایک کورونا پازیٹو شخص جو دوا تقسیم کرنے گیا تھا، ہو سکتا ہے کہ اسی سے جیل احاطہ کے اندر انفیکشن پھیلا ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ "سبھی کو الگ الگ بیرک میں جیل کے اندر آئسولیٹ کر دیا گیا ہے جب کہ 8 دیگر جو بزرگ قیدی ہیں، انھیں ضلع اسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔"


یہاں قابل ذکر ہے کہ بریلی سنٹرل و ضلع جیل میں بھی پیر کے روز 56 قیدیوں کے کووڈ پازیٹو ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ مہینے جھانسی جیل میں 128 قیدی اور بلیا جیل میں 228 قیدی کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے تھے۔ گویا کہ اتر پردیش کی جیلوں میں کورونا کا پھیلاؤ تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ کورونا متاثر اضلاع میں لکھنؤ پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک کورونا انفیکشن کے 13390 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں 6337 معاملے سرگرم ہیں اور 6904 لوگوں کو اب تک ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ کانپور دوسرے مقام پر ہے جہاں اب تک 8588 کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس میں 4860 کیس سرگرم ہیں اور 3455 لوگوں کو ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ تیسرا مقام گوتم بدھ نگر کا ہے جہاں 6016 معاملے اب تک درج ہوئے ہیں اور 932 معاملے سرگرم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Aug 2020, 1:58 PM