کورونا صرف اشتہارات کے ذریعہ ختم نہیں ہوگا: نواب ملک

آکسیجن کی تقسیم کے بارے میں سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے حالیہ حکم کا ذکر کرتے ہوئے نواب ملک نے کہا کہ جو کام حکومت کو خود کرنا چاہئے تھا وہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔

نواب ملک
نواب ملک
user

یو این آئی

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے پیر کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیرقیادت اتر پردیش حکومت پر اشتہارات پر خطیر رقم خرچ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کووڈ-19 کے انتظامات کے لئے بھی اتنی ہی رقم خرچ کی جاتی تو ریاست کے ہر گاؤں میں لوگ کورونا وائرس کے سبب نہیں مرتے۔

نواب ملک نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کی زیر اقتدار ریاست اتر پردیش اور بہار میں کورونا مینجمنٹ صرف اشتہاروں میں ہے۔ اگر اتنی ہی رقم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے خرچ کی جاتی تو ان ریاستوں کے ہر گاؤں میں کورونا وائرس سے لوگوں کی موت نہیں ہوتی۔‘‘ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کل جماعتی اجلاس بلا کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پالیسی مرتب کرے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر پورے ملک کے لئے کوئی پالیسی مرتب نہیں کی گئی تو ملک سے یہ عالمی وبا ختم نہیں ہوگی۔ آکسیجن کی تقسیم کے بارے میں سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے حالیہ حکم کا ذکر کرتے ہوئے نواب ملک نے کہا کہ جو کام حکومت کو خود کرنا چاہئے تھا وہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔