پنجاب کے سرپنچوں کو بیرون ملک سے آنے والوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر کمار سوربھ راج نے کارپوریشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ سرپنچوں اور کونسلرز کو یہ ہدایت دی جائے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والے بیرون ممالک اور باہری افراد کی اطلاع ہر روز شام 5 بجے تک دیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

موگا: کورونا وائرس کے خطرات کو دیکھتے ہوئے ضلع موگا میں سرپنچوں اور کونسلروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں باہر سے آنے والے افراد کی معلومات فراہم کرائیں۔ ڈپٹی کمشنر کمار سوربھ راج نے آج صبح ضلع میں کورونا سے نمٹنے کی تیاریوں کی جائزہ میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ میٹنگ میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر کمار سوربھ راج نے کارپوریشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ سرپنچوں اور کونسلرز کو یہ ہدایت دی جائے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والے بیرون ممالک اور باہری افراد کی اطلاع ہر روز شام 5 بجے تک دیں۔ اگر ایسا کوئی شخص علاقہ میں نہیں آیا تو وہ رپورٹ میں ’نل‘ لکھ کر رپورٹ روزانہ دیں۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ غیر ممالک سے آئے افراد کی صحت کی جانچ کے لئے سول سرجن کے ذریعہ ٹیم بھیجی جائے گی اور ضروری اقدام کیے جائیں گے۔


انھوں نے سول سرجن سے ضلع کے تمام صحت مراکز کو پوری طرح سے فعال بنانے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو دوائیاں مہیا کرائی جاسکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ لوگوں اور مختلف محکموں کے افسران و عوام کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے لئے یہ اہم ہے کہ تمام محکموں کے ضلع سربراہ و ملازمین اپنے رابطہ کی تفصیلات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں۔ انھوں نے کہا ’’ہر کسی کو کسی ہنگامی صورت حال کے وقت اپنے فرائض کا پتا ہونا چاہیے‘‘۔

اسی طرح ضلع ٹاؤن پلانر اور میونسپل ٹاؤن پلانر کو ہدایت دی گئی ہے کہ پورے موگا ضلع کے نقشے بنائے جائیں تاکہ کسی ناخوشگوار حالات میں اگر کسی کو کسی مقام کی جانکاری نہیں ہے تو اس کی مدد کی جا سکے۔ ضلع ڈسٹرکٹ فوڈ اینڈ سپلائی کنٹرولر کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ضروری اشیاء کو مناسب مقدار میں اسٹور کی جائیں تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹا جا سکے اور متاثرہ علاقوں میں سامان بھیجا جا سکے۔


ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر کسی شخص میں کورونا وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں تو اسے ان کے گھروں میں بھی الگ تھلگ کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی طبی معائنہ میں تعاون نہیں دے رہا ہے تو اسے گرفتار نا کیا جا ئے لیکن اگر کوئی مشتبہ معاملہ ہے تو محکمہ صحت کے تعاون سے اسے آئیسولیٹ کرنے کا عمل شروع کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ صحت ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوش گوار صورت حال کو روکا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ کھانسی، بخار یا سانس لینے میں پریشانی کی شکایت ہونے پر کوئی بھی 104 ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرض علاج سے ٹھیک ہوسکتا ہے، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، لوگوں کو سوشل میڈیا پر گمراہ کرنے والے پیغام کے حوالہ سے محتاط رہنا چاہیے۔


اس درمیان کمار سوربھ راج نے موگا ضلع کے بین الاقوامی انگریزی زبان جانچ نظام (آئی ای ایل ٹی ایس) کوچنگ سینٹر، ٹیوشن سینٹر، ڈانس اور دیگر مراکز کو 31 مارچ تک بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری طرف ہیلتھ سروس بابا فرید یونیورسٹی کے وائس چانسلر راج بہادر نے کہا کہ میڈیکل اسٹوڈنٹ کو کورونا سے نمٹنے کے لئے کام کرنا ہوگا اور میڈیکل کالج تب تک بند نہیں کیے جائیں گے جب تک کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Mar 2020, 4:11 PM