کورونا وائرس: مسجد نبوی شریف میں نئے احتیاطی اقدامات

کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس کے پھیل جانے کے بعد حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد نبوی شریف میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی سطح کو مزید بلند کر دیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس کے پھیل جانے کے بعد حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد نبوی شریف میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی سطح کو مزید بلند کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں مسجد نبوی کے اندر جراثیم کش مواد کے ساتھ صفائی کا عمل بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کام میں جدید ترین آلات اور مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسجد نبوی میں پانی کے کولروں ، گلاسوں اور قالینوں کو دن بھر میں دس مرتبہ صاف کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح نماز کے لیے بچھے قالینوں کی صفوں کے درمیان 1.5 میٹر کا فاصلہ کر دیا گیا ہے تا کہ امراض کے پھیلاؤ پر روک لگائی جا سکے۔


اس سلسلے میں العربیہ کے نمائندے نے مسجد نبوی میں صحت، ماحول اور تجربہ گاہوں کے امور سے متعلق ڈائریکٹر یوسف العوفی سے خصوصی بات چیت کی۔ العوفی نے بتایا کہ وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مسجد نبوی میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات اور تدبیروں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ان میں مسجد نبوی کے فرش کو جراثیم کش اور خوشبو دار مواد کے ذریعے روزانہ چھ مرتبہ دھونا، توسیع کے علاقوں میں داخلی راستوں پر جراثیم کش مواد کا چھڑکاؤ، نمازیوں کی صفوں کے قالینوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا اور مسجد کے اندر ایئر کنڈیشنر کی جالیوں اور روشن دانوں کی خصوصی صفائی شامل ہے۔

حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام اور مسجد نبوی کو جراثیم سے پاک رکھنے اور ان کی تطہیر کے لیے 3500 اہل کار مامور کیے ہیں۔ واضح رہے کہ روضہ مبارک کو بقیہ مسجد سے علاحدہ کرنے والے برآمدوں میں نماز کی ادائیگی پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ برآمدے مسجد نبوی کی پرانی تعمیر کا حصہ ہیں۔ اس تعمیر کا مجموعی رقبہ 16 ہزار مربع میٹر ہے۔ پانچوں نمازوں کے وقت مسجد نبوی کے امام کا داخلہ اور جنازے کی موجودگی مذکورہ پابندی سے مستثنی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔