کورونا Updates: سعودی عرب میں چوتھی موت کی تصدیق

پولیس ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر میں جرائم عام دنوں کے مقابلے میں 75 فیصد سے بھی زیادہ کم ہوگئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Mar 2020, 8:50 PM

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے چوتھی موت کی تصدیق

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز کورونا وائرس سے چوتھی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں مزید 99 افراد کے اس مہلک وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اس کے مریضوں کی تعداد 1203 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق نئے کیسوں میں 10 نے حال ہی میں بیرون ملک سفر کیا تھا۔مملکت میں لوٹنے کے بعد ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور تشخیص کے بعد انھیں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔باقی 89 افراد پہلے سے کورونا وائرس کا شکار مریضوں سے رابطے اور میل جول کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں اور انھیں بھی طبّی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔

28 Mar 2020, 8:11 PM

دہلی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، 3.5 ہزار زیرِ حراست، 230 گاڑیاں ضبط

دہلی پولیس نے سنیچر کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی کے معاملہ میں سختی اختیار کرتے ہوئے 3485 لوگوں کو حراست میں لیکر 230 گاڑیوں کو ضبط کیا اور 82 ایف آئی آر درج کی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ضروری اشیا کی آمدورفت کے لئے 13 ہزار سے زیادہ جاری کئے۔

دہلی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ دہلی پولیس ایکٹ کی دفعہ 65 کے تحت 3485 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے جنہیں بعد میں رہا کردیا گیا اور دہلی پولیس ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت 230 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وبا سے نپٹنے کے لئے مکمل سختی کے باوجود کچھ لوگ بلاوجہ گھروں سے نکل رہے ہیں اس لئے سختی کرتے ہوئے 82ایف آئی آردرج کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو قوم کے نام خطاب میں 21 دنوں تک پورے ملک میں مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا تھا اوراس پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے گھروں کے اندر رہنے کے لئے کہا گیا تھا۔ پورے ملک میں کورونا وائرس‘کووڈ۔19‘ کے انفیکشن سے اب تک 19 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 837ہوگئی ہے۔

28 Mar 2020, 6:33 PM

’حجام کو بھی لازمی خدمات میں شامل کیا جائے، ورنہ..‘

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر قرنطینہ کے بارے میں ایک میم موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ حجاموں کو بھی لازمی خدمات کے زمرے میں شامل کرے ورنہ ہر گھر میں عمر عبد اللہ جیسا نظر آئے گا۔‘‘

بتادیں کہ عمر عبدللہ نے دوران نظر بندی دراز داڑھی رکھی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی عوامی و خصوصی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی تھی۔ حال ہی میں جب انہیں رہا کیا گیا تو وہ دراز داڑھی کے ساتھ ہی باہر آئے۔ اس میم کے ساتھ عمر عبداللہ کی لمبی داڑھی والی تصویر بھی ہے اور اس کے ساتھ ٹک ٹاک جو موصوف کا نقل کرتی ہے، کی بھی ایک تصویر ہے۔


28 Mar 2020, 5:11 PM

اسرائیل میں کورونا وائرس سے متاثروں کی تعداد 3460 پہنچی، 12 ہلاکتیں

اسرائیل میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 3460 ہو گئی ہے جبکہ 12 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ یہ اطلاع وزارت صحت نے دی۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سنیچر کی صبح 9 بجے تک کووڈ۔19 سے متاثروں کی تعداد 3035 ہے اور پچاس لوگوں کی حالت سنگین ہے، 89 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 1828 کا گھروں میں ہی علاج کیا جارہا ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ تقریبا 6,000 لوگوں کو روانہ ٹسٹ کیا جا رہا ہے، آنے والے ہفتہ میں دس ہزار اور دو ہفتوں میں تیس ہزار تک روازانہ ٹسٹ کیا جائے گا۔

28 Mar 2020, 4:11 PM

دہلی پولیس نے موومنٹ پاس آن لائن کیا

نئی دہلی: دہلی پولیس نے ضروری سازوسامان کی فراہمی کرنے والے لوگوں کی آمدو رفت کےلئے بنائے جانے والے موومنٹ پاس کو ہفتے سے آن لائن کردیا۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ اس سے پہلے متعلقہ ضلع کے پولیس ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے موومنٹ پاس بنائے جارہے تھے لیکن آج سے مرکزی طورپر آن لائن کردیاگیاہے۔اس سے لوگوں کو گھر بیٹھے پاس حاصل کرنے میں آسانی ہوگی اور کسی بھی دفتر میں لوگوں کی بھیڑ جمع نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کی ویب سائٹ پر دہلی’موومنٹ پاسز‘‘کے لنک پر کلک کرکے آپ اپنا ای پاس بنا سکتے ہیں۔آپ اپنے فون پر اسے ڈاؤن لوڈ کرکے ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔اس پاس کا غلط استعمال نہ کریں۔فارم بھرنے میں دقت آنے پر 01123469526 ہیلپ لائن پر فون کرسکتے ہیں۔‘‘

لاک ڈاؤن کے دوران پولیس نے گھروں سے باہر نکلنے کےلئے کرفیو پاس لازمی کردیا ہے۔کرفیو پاس بنوانے کے لئے پچھلے دو دنوں میں مختلف پولیس ڈپٹی کمشنرکے دفتروں میں صبح سے ہی لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی تھی۔حالانکہ پولیس سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھ رہی تھی لیکن لوگوں کو آنے جانے کی شکایتوں کے پیش نظر آن لائن انتظام کیاگیاہے۔


28 Mar 2020, 2:29 PM

بستی: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 48 گرفتار

بستی: اترپردیش کے ضلع بستی میں کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ دفعہ 144 کی خلا ف ورزی کرنے پر سنیچر کو 48 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے منڈیروا علاقے سے 14، کپتان گنج سے 6، شہر تھانے سے 3، گور سے 4، پیکولیا سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پرشورام پور علاقے سے 3، والٹر گنج سے 4، پرانی بستی سے 5، سنہا سے 7، اونی اور کوتوالی علاقے سے ایک ایک شخص کو دفعہ 188 کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

28 Mar 2020, 2:07 PM

دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں زبردست پھیلاؤ کے دوران اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ جبکہ اس وبائی مرض میں جان گنوانے والوں کی تعداد 27 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ (ایک لاکھ سے زیادہ) ہو گئی ہے جبکہ اٹلی میں اس کے 86 ہزار مریض زیر علاج ہیں۔ چین میں، جہاں سے کورونا وائرس کی شروعات ہوئی تھی، وہاں پر مریضوں کی تعداد 81 ہزار ہے جبکہ اسپین میں 65 ہزار اور جرمنی میں 53 ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔

کورونا سے سب سے زیادہ مریض اٹلی (9134) میں ہلاک ہوئے ہیں۔ اسپین میں 5 ہزار سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ چین میں اس سے 395 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ امریکہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1700 پہنچ گئی ہے۔


28 Mar 2020, 1:22 PM

لاک ڈاؤن کی وجہ سے جرائم میں تقریباً 75 فیصد کمی

جےپور: راجستھان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئے نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جرائم میں تقریباً 75 فیصد کمی آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھر میں جرائم عام دنوں کے مقابلے میں 75فیصد سے بھی زیادہ کم ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 21 مارچ سے 26 تک ریاست کے پولیس تھانوں میں جرم کے 1764 معاملے درج ہوئے ہیں۔ اس دوران حادثے تھانے اور خاتون تھانوں میں ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

اس دوران ریاست میں لوٹ اور ڈکیتی کے معاملے سامنے نہیں آئے ہیں۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کی آمدو رفت بند رہنے سے جرم کے معاملوں میں یہ کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جن جرائم میں کمی کمی آئی ہے وہ زیادہ تر عام جرائم کے معاملے ہیں۔ حالانکہ اس دوران ریاست میں جرم کی کوئی بڑی واردات نہیں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔