کورونا ٹیکہ کاری: تین لاکھ کا ہدف نہیں ہو سکا پورا، پہلے دن 1.91 لاکھ لوگوں کو لگا ٹیکہ

مرکزی وزارت صحت کے مطابق پہلے دن 5.30 بجے تک بہار میں کل 16 ہزار 401 لوگوں کو، اتر پردیش میں 15 ہزار 975 لوگوں کو، اور راجدھانی دہلی میں 3 ہزار 403 لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا۔

کورونا ٹیکہ کاری / تصویر آئی اے این ایس
کورونا ٹیکہ کاری / تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہندوستان میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح کورونا کے خلاف جنگ میں ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس ٹیکہ کاری مہم کو خیر و خوبی سے آگے بڑھانے کے لیے پورے ملک میں مجموعی طور پر 3351 ٹیکہ کاری مراکز قائم کیے گئے تھے اور 16755 اہلکاروں کو شامل کیا گیا تھا۔ ہدف تھا کہ پہلے دن 3 لاکھ لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا، لیکن یہ ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔ صحت و خانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پہلے دن کی ٹیکہ کاری مہم ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ کل 1 لاکھ 91 ہزار 181 لوگوں کو ٹیکہ لگایا جا سکا۔ حالانکہ اس سے قبل محکمہ صحت نے شام 5.30 بجے تک 1 لاکھ 65 ہزار 714 لوگوں کو ٹیکہ لگائے جانے کی اطلاع دی تھی۔ گویا کہ بعد ازاں تقریباً 25.5 ہزار مزید افراد کو ٹیکہ لگایا گیا۔

محکمہ صحت نے پریس کانفرنس میں ٹیکہ کاری مہم سے متعلق کئی طرح کی جانکاریاں میڈیا کے سامنے پیش کیں جس میں بتایا کہ ’بھارت بایوٹیک‘ کے ذریعہ تیار کردہ کورونا وائرس کا ٹیکہ ’کوویکسین‘ کو ملک کی 12 ریاستوں میں سپلائی کیا گیا ہے جبکہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ ’کووی شیلڈ‘ کو ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سپلائی کیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ آج ہندوستان میں شروع ہوئی ٹیکہ کاری مہم دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم ہے اور وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام ٹیکہ کاری مراکز میں ویکسین کی مناسب سپلائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی پریس بریفنگ میں وزارت صحت نے یہ بھی بتایا کہ اب تک کسی بھی جگہ سے کسی بھی شخص کو ویکسین کی خوراک پلانے کے بعد اسپتال میں داخل کیے جانے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ گویا کہ ٹیکہ لگنے کے بعد فی الحال کسی سائڈ افیکٹ کی خبر سامنے نہیں آئی ہے جو کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ایک مثبت اشارہ ہے۔

وزارت صحت نے مختلف ریاستوں میں ہوئی ٹیکہ کاری سے متعلق بھی کچھ اعداد و شمار پیش کیے جو کافی اہم ہیں۔ وزارت نے شام 5.30 بجے تک حاصل جانکاریوں کو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بہار میں پہلے دن کل 16 ہزار 401 لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا جب کہ اتر پردیش میں 15 ہزار 975 لوگوں کو ٹیکہ لگا۔ راجدھانی دہلی میں 3 ہزار 403 لوگوں کو، اور گجرات میں 8 ہزار 507 لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا۔ اس طرح دیکھا جائے تو سب سے زیادہ لوگوں کو ٹیکہ بہار میں لگایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Jan 2021, 9:29 PM