ہندوستان میں کورونا کی صورتحال انتہائی دھماکہ خیز! ایک لاکھ 52 ہزار نئے معاملے، 839 اموات

ہندوستان میں لگاتار پانچویں دن کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں فعال کیسز یعنی زیر علاج مریضوں کی تعداد میں بہت تیزی کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کا ہر روز نیا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے۔ اتوار کے روز ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ نئے کوویڈ 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ ایک دن میں کورونا انفیکشن کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 152879 نئے کیسز درج کئے گئے۔ اس کے ساتھ، مریضوں کی مجموعی تعداد 13358805 تک جا پہنچی ہے۔ وہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 839 مریض ہلاک ہو گئے۔ اب تک مجموعی طور پر 169275 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔

یہ مسلسل پانچواں دن ہے جب کورونا وائرس کے ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 10 اپریل کو 145384، 9 اپریل کو 131968، 8 اپریل کو 126789 اور 7 اپریل کو 115736 کیسز درج ہوئے۔

کورونا کے نئے کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں فعال مریضوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، فی الحال یہ تعداد 1108087 تک پہنچ چکی ہے۔


مہاراشٹر ان پانچ ریاستوں میں سرفہرست ہے جہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیسز درج کئے گئے۔ مہاراشٹر میں کورونا کے 55411 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے بعد چھتیس گڑھ میں 14098، اترپردیش میں 12748، دہلی میں 7897 اور کرناٹک میں 6955 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

اسی طرح گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات کے معاملہ میں بھی مہاراشٹر سر فہرست ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا سے 309، چھتیس گڑھ میں 123، پنجاب میں 58، گجرات میں 49 اور اتر پردیش میں 46 اموات واقع ہوئیں۔

دریں اثنا، ملک میں جاری ٹیکہ کاری مہم پر غور کریں تو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3519987 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 101595147 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Apr 2021, 11:32 AM